نوی ممبئی: مسلمانوں نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ’چتردشی‘ کے سبب عید میلاد کا جلوس 28 ستمبر کے بجائے 29 ستمبر کو نکالنے کا اعلان کیا
نئی دہلی، ستمبر 16: نوی ممبئی پولیس نے مسلم کمیونٹی کو 28 ستمبر کی بجائے 29 ستمبر کو اپنا عید میلاد کا جلوس نکالنے کی تجویز دی۔ پولس نے واشی میں دونوں برادریوں کی میٹنگ کی اور اس میں اتفاق رائے ہوا۔
واشی کے ساہتیہ مندر ہال میں پولیس اور دونوں برادریوں کے نمائندوں کی موجودگی میں نوی ممبئی مسلم ایکتا سماج (این ایم ایم ای ایس) کے صدر عالم بابا نے اعلان کیا کہ وہ اپنے عید میلاد کا جلوس 29 ستمبر کو نکالیں گے۔
ہندو برادری 28 ستمبر کو اننت چتردشی منائے گی اور اس دن بڑی تعداد میں مورتیوں کو وسرجن کے لیے نکالا جائے گا۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس نے دونوں برادریوں کی میٹنگیں کیں۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس سرکل-1 وویک پنسارے نے واشی میں میٹنگ کی۔ انھوں نے اپیل کی کہ تہواروں کے دوران امن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنا زیادہ ضروری ہے اور کمیونٹی کے لوگوں کو ایک مثال قائم کرنے کے لیے آگے آنا چاہیے۔
چوں کہ دونوں تہوار ایک ہی دن آ رہے ہیں، اس لیے پولیس کے لیے لاجسٹک چیلنجز ہوں گے۔ تاہم پولیس نے مسلم کمیونٹی سے درخواست کی کہ وہ اپنا عید میلاد کا جلوس ایک دن کے لیے ملتوی کر دیں۔ کمیونٹی نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا اور گنپتی وسرجن کے دوسرے دن کے موقع پر اپنے عید میلاد کے جلوس کو 29 ستمبر کو دوبارہ شیڈول کرنے پر اتفاق کیا۔ اس باہمی تعاون کے فیصلے کو پولس فورس اور گنیش منڈلوں دونوں کی طرف سے سراہا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اب شہر امن اور ہم آہنگی کے ساتھ دونوں تہوار منائے گا۔
اسی طرح زون 2 کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس پنکج دہانے نے پنویل میں گنیش اتسو منڈلوں اور مسلم کمیونٹی کے ارکان کے ساتھ میٹنگ کی۔ اسی طرح پنویل میں بھی مسلم کمیونٹی نے عید میلاد کا جلوس 28 ستمبر کے بجائے 29 ستمبر کو منعقد کرنے کا اعلان کیا۔