مکہ مکرمہ میں مسلمان خانۂ کعبہ میں موجود حجر اسود کو دوبارہ چوم سکتے ہیں، کورونا کی وجہ سے نافذ پابندیاں ہٹیں
نئی دہلی، اگست 4: مکہ، سعودی عرب میں زائرین ایک بار پھر خانہ کعبہ کے مقدس حجر اسود کو چھو سکتے ہیں اور چوم سکتے ہیں۔
کورونا کی وبا کے باعث خانۂ کعبہ کے گرد ایک حصار باندھ دیا گیا تھا جسے اب ہٹا دیا گیا ہے۔
تازہ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پرجوش عقیدت مند حجر اسود کو چھو کر دعا مانگ رہے ہیں۔
#PICTURES: In an air full of spirituality, pilgrims end their nearly 30-month-long longing and wait to touch the Holy #Kaaba as well as to engage in earnest prayers under the shade of Islam’s holiest shrine following the removal of preventive barriers. pic.twitter.com/GswDkBQn1Y
— Saudi Gazette (@Saudi_Gazette) August 3, 2022
تقریباً 30 ماہ بعد خانہ کعبہ سے پابندیاں اٹھائی گئی ہیں۔ یہ قدم عمرہ کے سفر سے عین قبل اٹھایا گیا ہے۔
سعودی عرب نے رواں سال کورونا وبا کی وجہ سے لگائی گئی بیشتر پابندیاں اٹھا لی تھیں۔
اس سال (2022) حج 7 سے 12 جولائی تک ہوا اور اس میں کورونا کی وبا کے بعد پہلی بار تقریباً معمول کی تعداد میں لوگ مکہ پہنچے۔
سال 2020 میں صرف ایک ہزار لوگوں کو حج کی اجازت دی گئی تھی۔ اس سال صرف سعودی عرب کے لوگ ہی حج کر سکتے تھے۔ دوسرے ممالک کے لوگوں پر مکہ کے سفر پر پابندی لگا دی گئی تھی۔
2021 میں عازمین حج کی تعداد 60 ہزار تک پہنچ گئی اور اس سال تقریباً 10 لاکھ افراد نے مکہ پہنچ کر حج ادا کیا۔
تاہم یہ تعداد اب بھی کورونا سے پہلے کے مقابلے میں کم ہے۔ رپورٹس کے مطابق 2019 میں مکہ مکرمہ میں 25 لاکھ افراد نے حج کیا تھا۔ یہ دنیا میں اتنے لوگوں کے ایک جگہ اکٹھا ہونے کا ریکارڈ تھا۔