راشٹرپتی بھون کے مغل گارڈن کا نام بدل کر ’امرت ادین‘ رکھا گیا

نئی دہلی، جنوری 28: ہفتہ کو صدر جمہوریہ کی سرکاری ویب سائٹ نے بتایا کہ راشٹرپتی بھون کے اندر موجود مغل گارڈن کا نام بدل کر ’’امرت ادین‘‘ رکھ دیا گیا ہے۔

اے این آئی کی خبر کے مطابق صدر کے ڈپٹی پریس سکریٹری نویکا گپتا نے کہا کہ یہ حکومت کی آزادی کے 75 سال کے جشن کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا ہے۔

پچھلے سال دہلی کے راج پتھ کا نام بدل کر ’’کرتویہ پتھ‘‘ رکھ دیا گیا تھا۔ مرکزی وزیر مملکت برائے امور خارجہ اور ثقافت میناکشی لیکھی نے کہا تھا کہ پچھلا نام ’’نوآبادیاتی ذہنیت‘‘ کی عکاسی کرتا تھا۔

تاہم راشٹرپتی بھون کی ویب سائٹ پر ہفتے کے روز دونوں ناموں مغل گارڈن اور امرت ادین کا ذکر ہے۔

15 ایکڑ رقبے پر پھیلا مغل گارڈن جموں و کشمیر کے مغل باغات، تاج محل کے اردگرد کے باغات کے ساتھ ساتھ ہندوستان اور فارس کی چھوٹی پینٹنگز سے پر مبنی ہے۔

راشٹرپتی بھون کے مطابق اس کے ڈیزائن کو 1917 میں برطانوی ماہر تعمیرات سر ایڈون لوٹینز نے حتمی شکل دی تھی۔ تاہم پودے 1928-1929 کے درمیان لگائے گئے تھے۔

اس سے قبل مئی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی دہلی یونٹ نے نئی دہلی میونسپل کونسل سے کہا تھا کہ وہ قومی دارالحکومت میں "مغل دور کی غلامی کی علامت” والی پانچ سڑکوں کے نام تبدیل کرے۔

پارٹی نے شہری ادارے سے تغلق روڈ، اکبر روڈ، اورنگزیب لین، ہمایوں روڈ، شاہجہاں روڈ اور بابر لین کا نام تبدیل کرنے کو کہا تھا۔