محمد زبیر نے اتر پردیش میں اپنے خلاف درج چھ ایف آئی آرز کو منسوخ کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا
نئی دہلی، جولائی 14: صحافی محمد زبیر نے جمعرات کو سپریم کورٹ سے رجوع کیا اور اتر پردیش میں ان کے خلاف درج تمام چھ مقدمات کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔
منگل کو اتر پردیش پولیس نے حقائق کی جانچ کرنے والی ویب سائٹ آلٹ نیوز کے شریک بانی کے خلاف درج کی گئی چھ فرسٹ انفارمیشن رپورٹس کو دیکھنے کے لیے ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی تھی۔ سیتا پور، لکھیم پور کھیری، مظفر نگر اور غازی آباد کے اضلاع میں ایک ایک اور ہاتھرس میں زبیر کے خلاف دو کیس درج کیے گئے ہیں۔
یہ مقدمات ٹیلی ویژن چینلز کے اینکرز پر زبیر کے طنزیہ تبصروں، مبینہ طور پر ہندو برادری کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور دیوتاؤں کے بارے میں مبینہ طور پر اشتعال انگیز مواد پوسٹ کرنے سے متعلق ہیں۔
اپنی درخواست میں زبیر نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل کو بھی چیلنج کیا ہے۔
اس سے قبل جمعرات کو زبیر کو 2018 میں ان کے خلاف درج دو مقدمات کے سلسلے میں ہاتھرس کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
زبیر پر سیتا پور میں تین ہندوتوا شدت پسندوں، یتی نرسنگھا نند سرسوتی، بجرنگ منی اور آنند سوروپ کو ایک ٹویٹ میں ’’نفرت پھیلانے والے‘‘ کہنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
لکھیم پور کھیری کیس میں اتر پردیش کی ایک عدالت نے پیر کو زبیر کو 14 دن کے لیے عدالتی حراست میں بھیج دیا۔ زبیر کے خلاف ستمبر میں اسرائیل فلسطین تنازعہ کے بارے میں ٹیلی ویژن چینل سدرشن نیوز کی رپورٹ کی حقائق کی جانچ کے لیے مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
سدرشن نیوز کے ساتھ کام کرنے والے صحافی آشیش کمار کٹیار نے یہ شکایت درج کروائی تھی۔ پولیس نے 18 ستمبر 2021 کو پہلی معلوماتی رپورٹ درج کی، جب کٹیار نے ایک مقامی عدالت سے رجوع کیا اور اس کے لیے ہدایات مانگیں۔
ٹوئٹ میں زبیر نے نشان دہی کی تھی کہ سدرشن نیوز نے غزہ کی پٹی کی ایک تصویر پر مدینہ کی مسجد نبوی کی ایک تصویر لگا کر یہ جھوٹی تصویر کشی کی تھی کہ مسجد نبوی اسرائیلی راکٹ حملے میں تباہ ہو رہی ہے۔
ہاتھرس، مظفر نگر اور غازی آباد میں درج دیگر چار مقدمات کی تفصیلات، جنھیں خصوصی تفتیشی ٹیم دیکھے گی، ابھی واضح نہیں ہیں۔