مانو میں فاصلاتی کورسز میں داخلوں کی تاریخ میں توسیع

مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی میں فاصلاتی طریقہ تعلیم کے پروگراموں میں آن لائن داخلے کی آخری تاریخ میں 10 نومبر تک توسیع کی گئی ہے جبکہ فیس کی ادائیگی کی تاریخ 15 نومبر کردی گئی ہے۔

نئی دہلی : پروفیسر رضاءاللہ خان، ڈائرکٹر نظامت فاصلاتی تعلیم کے بموجب یو جی سی – ڈسٹنس ایجوکیشن بیورو کی منظوری سے یہ توسیع کی گئی ہے۔ یو جی سی سے منظور شدہ کورسز ایم اے (اُردو، انگریزی، اسلامک اسٹڈیز، عربی، ہندی اور تاریخ)، بی اے اور بی کام کے علاوہ ڈپلومہ ان ٹیچ انگلش ، ڈپلوما ان جرنلزم اینڈ ماس کمیونکیشن، سرٹی فیکیٹ کورس اہلیت اردو بذریعہ انگریزی اور سرٹیفکیٹ کورس فنکشنل انگلش میں داخلے جاری ہیں۔
یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی جانب سے موصولہ مکتوب کے مطابق اب طلبہ کو دو تعلیمی کورسز میں ایک ساتھ داخلہ دیا جاسکتا ہے۔ ایسے طلبہ جو روایتی(ریگولر)طرز تعلیم کے تحت کوئی کورس کر رہے ہوں وہ اپنی پسند کے ایک فاصلاتی کورس میں داخلہ لے سکتے ہیں۔ای پراسپکٹس اور آن لائن درخواست فارم ویب سائٹ manuu.edu.in/dde (داخلہ پورٹل manuuadmission.samarth.edu.in پر دستیاب ہیں۔ مندرجہ بالا پروگرامس کے لیے درخواست فارم کو پراسپکٹس میں دیئے گئے رجسٹریشن فیس اور پروگرام فیس کے ساتھ آن لائن داخل کرنا ہوگا۔ امیدوار مزید تفصیلات کے لیے طلبہ رہبری یونٹ ہیلپ لائن 040-23008463 اور 040-23120600 ایکس ٹنشن 2207 2208 اور ٹال فری نمبر 18004252958 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ویب سائٹ manuu.edu.in/dde ملاحظہ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ تاریخ میں توسیع کا ہمارا مقصد زیادہ اردوداں اور خاص طور پر مدارس کے طلبہ کے لئے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اہل مدارس سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں طلبہ کو بی اے، ایم اے، ڈپلوما کورسز میں داخلہ کے لئے ترغیب دیں۔ یہ پوچھے جانے پر کہ جو مدارس منظور شدہ نہیں ہیں یا اور کوئی یونیورسٹی ان کے اسناد کو تسلیم نہیں کرتی، تو اس صورت میں وہ کیسے داخلہ لیں، اس کے جواب انہوں نے کہاکہ اہل مدارس مولانا آزاد اردو یونیورسٹی سے رابطہ قائم کرکے منظوری حاصل کرسکتے ہیں۔وہ پہلے اپلائی کریں اور ہماری ٹیم جائز ہ لیکر مدارس کو منظوری دے گی اس کے بعد براہ راست ان مدارس کے بچے مانو کے کورسز میں داخلہ کے اہل ہوں گے۔
ڈپلوما ان جرنلزم اینڈ ماس کمیونیکیشن کے بارے میں انہوں نے کہاکہ آئی آئی ایم سی سے ہمارا ‘ٹائی اپ’ ہوگیا ہے۔ اس سے متعلق کئی کورسز شروع کرنے جارہے ہیں اور اس سے اردو طلبہ کو صحافت کورس کرنے میں نہ صرف آسانی ہوگی بلکہ کورس کا انتخاب کرنا بھی سہل ہوگا۔
محترمہ روچیکا کیم نے بتایا کہ فاصلاتی نظام تعلیم کے تحت کے بی ایڈ میں بھی جلد ہی داخلے شروع کردئے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب اردو ٹیچر نہیں ہوں گے تو بچے اردو کیسے پڑھیں گے۔ ہمارا مقصد زیادہ سے زیادہ اردو ٹیچر فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے لڑکیوں کی تعلیم کے سلسلے میں کہا کہ ہمارا اہم ہدف لڑکیوں کی تعلیم بھی ہے کیوں کہ ایک لڑکی کی تعلیم سے پورا معاشرہ تعلیم یافتہ ہوجاتا ہے۔ اس لئے لڑکیوں کی فیس میں دو ہزار روپے کی کٹوتی کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لڑکیاں ایڈمیشن لیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ یو جی سی کی گائیڈلائن کے مطابق جو طلبہ کسی ادارے سے کوئی ریگولر کورس کر رہے ہیں وہ مانو کے فاصلاتی نظام تعلیم کے ذریعہ کرائے جانے والے کورسیز میں بھی داخلہ لے سکتے ہیں۔ اس رعایت کے تحت طلبہ بیک وقت اپنی دلچسپی کے دو کورسیز میں داخلے کے اہل ہیں۔
انہوں نے مزیدبتایا کہ درخواست فارم  اورپر اسپیکٹس جو لائی 2022 کے مطابق دی گئی رجسٹریشن فیس کے ساتھ جمع کرنا ہوگا اور اسناد کی تصدیق کے بعد پروگرام فیس کی ادائیگی کرنا ہوگی۔