گرفتاری کے خلاف منیش سسودیا پہنچے سپریم کورٹ
نئی دہلی ،28فروری :۔
دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو عدالت نے پانچ دنوں کے لئے سی بی آئی کی ریمانڈ پر بھیج دیا ہے ۔عام آدمی پارٹی نے اس سی بی آئی کی کارروائی کو غلط قرار دیتے ہوئے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے ۔ریمانڈ پر بھیجے جانے کے بعد اب منیش سسودیا نے اپنی گرفتاری اور سی بی آئی جانچ کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق سپریم کورٹ میں ایک عرضی دائر کی گئی ہے جس میں اس معاملے کی فوری سماعت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ابھیشیک منو سنگھوی منیش سسودیا کی نمائندگی کریں گے۔ اطلاع کے مطابق اس معاملے کی سماعت سپریم کورٹ میں 3.50 بجے ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق سینئر ایڈوکیٹ ڈاکٹر ابھیشیک منو سنگھوی نے چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا کی بنچ کے سامنے فوری فہرست سازی کی عرضی کا ذکر کیا جس کے بعد چیف جسٹس نے آج سہ پہر 3.50 بجے آئینی بنچ کی میٹنگ کے بعد اس کی سماعت کرنے پر اتفاق کیا۔
چیف جسٹس نے ذکر کے دوران پوچھا کہ سسودیا سیکشن 482 سی آر پی سی کے تحت ہائی کورٹ کے پاس دستیاب سہولت کا فائدہ کیوں نہیں اٹھا سکے۔ چیف جسٹس نے نشاندہی کی کہ عدالت نے گزشتہ ہفتے پون کھیڑا کے کیس میں مداخلت کی کیونکہ کئی ریاستوں میں درج ایف آئی آر کو مربوط کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ سنگھوی نے کہا کہ یہ ایک غیر معمولی معاملہ ہے جس میں آرٹیکل 32 کے تحت مداخلت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ونود دعا کیس کے فیصلے کا حوالہ دیا۔
یاد رہے کہ نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی گرفتاری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب دہلی حکومت کو اگلے ماہ سالانہ بجٹ پیش کرنا ہے۔ منیش سسودیا دہلی حکومت میں وزیر خزانہ بھی ہیں۔
پیر کو راؤزایونیو کورٹ میں پیشی کے دوران بھی منیش سسودیا کے وکیلوں نے بجٹ پیش کرنے کی بات کہی تھی۔ تاہم انہیں پانچ روزہ ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔عام آدمی پارٹی کے ذرائع نے کہا کہ ریاست کا سالانہ بجٹ پیش کرنے کی ذمہ داری وزیر ٹرانسپورٹ اور ریونیو کیلاش گہلوت پر آ سکتی ہے۔
واضح رہے کہ منیش سسودیا کی گرفتاری کے بعد سی بی آئی نے انہیں خصوصی عدالت میں پیش کیا۔ پیر کی صبح سے ہی اس معاملے کو لے کر راجدھانے میں کافی ہنگامہ رہا۔ نائب وزیر اعلیٰ کی گرفتاری کے خلاف دہلی سمیت ملک کے کئی حصوں میں عام آدمی پارٹی کے کارکنان احتجاج کر رہے تھے، وہیں دہلی میں بھی کئی کارکنوں کو دہلی پولیس نے حراست میں لے لیا تھا۔بی جے پی ہیڈ کوارٹر پر اور دیگر جگہوں پر عام آدمی پارٹی کے مظاہرہ کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کر دیا گیا تھا اور بڑی تعداد میں ہر طرف سیکورٹی اہلکار نظر آ رہے تھے ۔ منیش سسودیا کے ریمانڈ پر بھیجے جانے کے بعد بھی صورت حال ہنگامہ خیز ہے۔