لوک  سبھا الیکشن2024:سٹہ بازار کی قیاس آرائیوں سے مودی لہر کی ہوا نکلی

ملک کی دس  اہم سٹہ بازاروں میں سے بیشترنے انڈیا اتحاد اور این ڈی ا ے کے درمیان سخت مقابلہ کی قیاس آرائیاں کیں

نئی دہلی،یکم جون :۔

لوک سبھا انتخابات 2024 کے ساتویں اور آخری مرحلے کے لیے ووٹنگ کا اختتام ہو گیا ۔ ووٹنگ مکمل ہونے کے ساتھ ہی ٹی وی چینلز پر ایگزٹ پول  کی بہار آ گئی اور تمام ایگزٹ پول نے ملک بھر میں مودی کی لہر اور طوفان کی پیش گوئیاں شروع کر دی ہیں ۔بی جے پی نمائندوں کے چہرے پر خوشیاں بھی جھلکنے لگی ہیں ۔ٹی وی چینلوں پر چلنے والے تمام ایگزٹ پول میں بی جے پی کو یکطرفہ طور پر مکمل اکثریت کی پیشین گوئی کر رہے ہیں اور مودی کو تیسری بار وزیر اعظم بنا یقینی بتا رہے ہیں وہیں دوسری جانب ایک اور ایگزٹ پول ہے جس نے بی جے پی کی نیدیں اڑا دی ہیں اور یقینا ان کی بی چینی بڑھنے والی ہے۔   وہ ہے سٹہ بازار کا اندازہ ۔سٹہ بازار نے بھی اپنا اندازہ ظاہرہ کیا ہے جس نے بی جے پی کی فکر میں اضافہ کر دیا ہے۔  ملک کی 10 بیٹنگ مارکیٹس نے اپنی پیشین گوئیاں جاری کی ہیں جس میں انڈیا الائنس اور این ڈی ا ے کے درمیان زبر دست مقابلہ دکھایا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان میں راجستھان کا پھلودی بیٹنگ مارکیٹ، کولکاتہ، اندور، احمد آباد، کانپور اور ممبئی کا سٹہ بازار  اہم ہیں۔ سٹہ کے بیشتر بازاروں کی پیشین گوئیوں کے مطابق، انڈیا الائنس اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی این ڈی اے کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق لوک سبھا انتخابات کے پہلے سے چھٹے مرحلے تک پارٹیوں کی جیت یا ہار کو لے کر بازار میں مسلسل قیاس آرائیاں جاری تھیں۔ شروع میں  متعدد سٹہ بازار نے  بی جے پی کی جیت کی پیشین گوئی کی تھی، لیکن جیسے جیسے الیکشن آگے بڑھتا گیا، بی جے پی کی جیت کے امکانات کم ہوتے گئے۔

دوسری طرف بی جے پی انتخابات میں 400 سیٹیں جیتنے کا دعویٰ کر رہی ہے۔ تاہم، کسی بھی بیٹنگ مارکیٹ نے بی جے پی کو 400 سیٹیں نہیں دیں۔ یہی نہیں اب این ڈی اے اور انڈیا اتحاد کے درمیان سخت مقابلے کی بات ہو رہی ہے۔

کن سٹہ بازاروں نے کس کو کتنی سیٹیں دیں؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق راجستھان کے پھلودی سٹہ بازار کا اندازہ ہے کہ آئندہ انتخابات میں بی جے پی 209 سے 212 سیٹیں جیت سکتی ہے جب کہ این ڈی اے کو کل 253 سیٹیں ملنے کا امکان ہے۔ ساتھ ہی انڈیا بلاک کو 246 اور کانگریس کو 117 سیٹیں مل سکتی ہیں۔

پالن پور سٹہ بازار نے بی جے پی کو 216 سیٹیں دی ہیں، جبکہ این ڈی اے کو 247 سیٹیں ملنے کی امید ہے۔ ساتھ ہی پالن پور سٹہ بازار انڈیا بلاک میں 225 اور کانگریس کو 112 سیٹیں ملنے کی پیش  گوئی  کی گئی ہے۔

کرنال بیٹنگ مارکیٹ نے پیش گوئی کی ہے کہ این ڈی اے کو 263 اور انڈیا بلاک کو 231 سیٹیں ملیں گی۔ اس کے مطابق بی جے پی اپنے بل بوتے پر 235 اور کانگریس 108 سیٹیں جیت سکتی ہے۔

اندور  سٹہ بازارکا اندازہ ہے کہ اس بار انتخابات میں این ڈی اے کو اکثریت مل سکتی ہے۔ ساتھ ہی بی جے پی اکیلے 260 سیٹیں جیت سکتی ہے۔ اندور بازار کے اندازوں کے مطابق انتخابات میں انڈیا بلاک کو 231 اور کانگریس کو 108 سیٹیں ملنے کی امید ہے۔

بے لگام  سٹہ بازار نےقیاس آرائیوں نے پیش گوئی کی ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو 223 اور این ڈی اے کو 265 سیٹیں مل سکتی ہیں، جب کہ انڈیا اتحاد کو 230 اور کانگریس کو اکیلے کو 120 سیٹیں ملنے کی امید ہے۔

کولکاتہ  سٹہ بازار میں بی جے پی کو 218، این ڈی اے کو 261 سیٹیں مل رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس کو 128 اور انڈیا بلاک کو 228 ملنے کی امید ہے۔ وہیں، وجئے واڑہ سٹہ بازار کا اندازہ ہے کہ انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی 224 سیٹیں اور این ڈی اے 252 سیٹیں جیت سکتی ہے، جب کہ کانگریس کو 121 سیٹیں اور انڈیا بلاک کو 237 سیٹیں ملنے کی امید ہے۔

ممبئی سٹہ بازار کے اندازوں کے مطابق اکیلے بی جے پی کو 295 سے 305 سیٹیں مل سکتی ہیں، جب کہ کانگریس کو 55 سے 65 سیٹیں ملنے کا اندازہ ہے۔ ممبئی  سٹہ بازار کے مطابق بی جے پی کے لیے اکیلے 350 سیٹیں جیتنا مشکل ہے۔