کشتواڑ میں لینڈ سلائڈنگ: پولیس اہلکار، انجینئر سمیت 4 ہلاک، متعدد زخمی

نئی دہلی، اکتوبر30: جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع میں قائم ریٹلے پاور پروجیکٹ کے نزدیک ہفتے کی شام کو مٹی کے تودے اور بھاری بھرکم چٹانین کھسک آنے کے نتیجے میں متعدد افراد لاپتہ ہوئے تھے۔

فوج، پولیس اور ایس ڈی آر ایف نے رات بھر ریسکیو آپریشن چلایا جس دوران ملبے کے نیچے پولیس اہلکار، انجینئر سمیت چار افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں جبکہ مزید 9 کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق کشتواڑ میں قائم ریٹلے پاور پروجیکٹ کے نزدیک ہفتے کی شام جے سی بی پر ایک مٹی کا تودا گر آیا جس وجہ سے ڈرائیور اُس کی زد میں آگیا۔ ارد گرد موجود دوسرے لوگوں نے ڈرائیور کو بچانے کے لیے جوں ہی ملبے کو اُٹھانا شروع کیا تو اس دوران ایک اور مٹی کا تودا گر آیا جس وجہ سے متعدد افراد لاپتہ ہوگئے۔

فوج ، پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا جو درمیانی شب تک جاری رہا جس دوران ملبے کے نیچے چار افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں جبکہ 9 کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

متوفی ڈرائیور کی شناخت منوج کمار ولد ہری لال ساکن گوجر کوٹھان کے بطور ہوئی ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کشتواڑ دیونیش یادو، ایس ایس پی کشتواڑ شفقت بٹ نے رات بھر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں چار افراد ہلاک ہوئے جن کی بعد میں شناخت انجینئر سچن کمار ولد انگریز سنگھ، سلیکشن گریڈ کانسٹیبل محمد یعقوب ولد فیضل الدین ساکن ٹھاٹھری، مومن احمد ولد محمد حفیظ متو ساکن دربشالہ اور منوج کمار ولد ہری لال ساکن گوجر کٹھان کے طور پر ہوئی ہے۔

اُن کے مطابق ملبے کے نیچے دبے چار افراد کی لاشیں برآمد کرکے قانونی اور طبی لوازمات پورے کرنے کے بعد اُنہیں وارثین کے حوالے کیا گیا۔

حادثے میں زخمی ہوئے نو افراد کی پہچان اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد افضل ولد عبدالصمد ساکن پارستان رام بن، ونود پریہار ولد ہیمراج ساکن دربشالہ، آصف مشتاق ولد مشتاق احمد ساکن بدرواہ، بابو رام ولد سیری لال ساکن دربشالہ، زبیر احمد ولد غلام حیدر ساکن ڈگا سرور، بودھ راج پریہار ولد ہیم راج پریہار ساکن دربشالہ، پنچم سنگھ ولد نائب چند ساکن سالنا دربشالہ اور محمد یاسین نجار ولد غلام حیدر نجار ساکن ڈگا دربشالہ اور ساگر راے کے بطور کی گئی ہے۔

دریں اثنا لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کشتواڑ میں مٹی کے تودے گر آنے کے نتیجے میں چار افراد کے ہلاک ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا۔انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔