جماعت اسلامی ہند نے غزہ میں ایک ہسپتال پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے اور مسلسل تشدد پر شدید غم وغصہ کا اظہار کیا
نئی دہلی، 18 اکتوبر: جماعت اسلامی ہند نے غزہ کے ایک اسپتال پر اسرائیل کے حملے کی مذمت کی ہے، جس میں تقریباً ایک ہزار لوگ مارے گئے، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔
جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ’’ہم وسطی غزہ میں الاہلی اسپتال پر ہونے والی وحشیانہ بمباری کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ اسپتال کے احاطے میں، جو خواتین اور بچوں سے بھرا ہوا تھا، تقریباً 1000 کے قریب اموات کی اطلاع ہے۔ اسپتال کو اسرائیلی فوج کی جانب سے انخلاء کے حکم کا سامنا تھا۔ جماعت اسے قتل عام اور انسانیت کے خلاف جرم قرار دیتی ہے۔‘‘
انھوں نے مزید کہا ’’اسرائیلی قابض فوج تمام جنگی قوانین اور بنیادی انسانی اقدار کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے اسکولوں اور ہسپتالوں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔ خاموش تماشائی بننے والے طاقتور ممالک اور بین الاقوامی ادارے اس گھناؤنے جنگی جرائم سے خود کو بری نہیں کر سکتے۔ ان کے ہاتھوں پر فلسطین کے معصوم مردوں، عورتوں اور بچوں کا خون ہے۔‘‘
امیرِ جماعت نے مطالبہ کیا کہ ’’ہم خطے میں فوری جنگ بندی کے نفاذ اور غزہ کے شہری علاقوں پر دانستہ بمباری کی فوری مذمت کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انسانیت آزمائش میں ہے۔ اگر ہم نے فلسطینیوں کو ناکام بنایا اور موجودہ قتل عام کو نہ روکا تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔‘‘