جہانگیر پوری فرقہ وارانہ تصادم کے ملزم کو ضمانت ملی

جمعیۃ علماء ہند کی قانونی چارہ جوئی کی مددسے دہلی کے جہاں گیر پوری فرقہ وارانہ تصادم کے ملزم نور عالم کو روہنی کورٹ نے ضمانت دے دی۔

نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کی قانونی چارہ جوئی کی مددسے  دہلی کے جہاں گیر پوری  فرقہ وارانہ تصادم کے ملزم نور عالم کو روہنی کورٹ نے ضمانت دےدی۔اس سے قبل گزشتہ ماہ شیخ انعام الحق کو بھی جمعیۃ کی کاوش سےضمانت ملی ہے۔یہ اطلاع جمعیۃ علمائے ہند نے جاری ایک ریلیز میں دی ہے۔
نورعالم کے سلسلے میں معزز حج ستیش کمار نے جمعیۃ کے وکیل ایڈوکیٹ محمد عبدالغفار،ایڈوکیٹ محمد نوراللہ اور محمد سرتاج کے اس استدلال کو سنجیدگی سے سنا کہ ملزم کا مبینہ جرم سے کوئی تعلق نہیں ہے اور مقامی پولیس نے صرف اپنے کیس کو سلجھانے کے لیے ملزم کو ایف آئی آر میں پھنسایا ہے اور ملزم 17.04.2022سے  ہی عدالتی تحویل میں ہے۔ اب جب کہ ملزم کے بارے میں تحقیق مکمل ہوگئی ہے،اسے ضمانت دے دی جائے۔اس کے برعکس ریاست کی طرف سے مقرر کردہ وکیل نے ملزم کی ضمانت کی شدید مخالفت کی۔
فریقین کی بحث سننے کے بعد عدالت نے کہا کہ ملزم سے تفتیش پہلے ہی مکمل ہو چکی ہے اور چارج شیٹ بھی داخل کر دی گئی ہے، اب ٹرائل مکمل ہونے میں کافی وقت لگے گا۔ اس درمیان ملزم کو عدالتی تحویل میں رکھنے سے کوئی مقصد پورا نہیں ہو گا۔ کچھ شریک ملزمان کو دہلی کی معزز ہائی کورٹ نے ضمانت دی ہے اور کچھ کواس عدالت سے ضمانت مل چکی ہے۔لہذاان حقائق اور حالات میں،درخواست گزار/ملزم نور عالم کو 25,000 روپےکے ذاتی مچلکے  پر ضمانت دی جاتی ہے۔
مقدمات اور اس سے متعلق معاملات کے ذمہ دار مولانا نیاز احمد فاروقی ایڈوکیٹ نے بتایا کہ جمعیۃ علماء ہند اپنے صدرمحترم مولانا محمود اسعدمدنی کی قیادت میں اول دن سے دہلی فساد 2020 اورجہانگیرپوری تشدد2022کے مقدمات کی پیروی کررہی ہے،  دہلی فساد میں بہت سارے لوگوں کو عدالت نے بری بھی کردیا ہے۔ خدا کی ذات سے امیدہے کہ بے قصورافراد جلد رہا ہوں گے۔
واضح ر ہے کہ رمضان المبارک میں عین افطار کےوقت شرپسندوں نے جہانگیر پوری جامع مسجد پر حملہ کردیا تھا، جس کے بعد تشددکے واقعات رونما ہوئے تھے۔اس سلسلے میں دہلی پولس نے بڑی تعداد میں غریب خاندان سے تعلق رکھنے والے مسلم نوجوانوں کو جیل میں ڈال دیا تھا، جن میں سے ضرورت مند خاندانوں کی طرف سے جمعیۃ علماء ہند عدالتی چارہ جوئی کررہی  ہے۔