غزہ سے راکٹ فائر کے جواب میں اسرائیلی فوج کا غزہ کی پٹی پر فضائی حملے
اسرائیلی فو ج نے کہا کہ غزہ سے دو راکٹ فائر کئے گئے تھے جس میں سے ایک راکٹ کو روک دیا گیا تھااس کے جواب میں یہ حملے کئے گئے ہیں
یروشلم،02فروری:۔
اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری کشیدگی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے ،ایک بار پھر دونوں جانب سے راکٹ فائر کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ العربیہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے جمعرات کی رات غزہ کی پٹی پر فضائی حملے کیے ہیں ۔ اسرائیلی فو ج نے کہا کہ غزہ سے دو راکٹ فائر کئے گئے تھے جس میں سے ایک راکٹ کو روک دیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ امریکہ نے حال میں ہی مغربی کنارے میں تشدد کو روکنے کے لیے اسرائیل اور فلسطین دونوں فریقو ں سے تشدد روکنے کی اپیل کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے غزہ پر حالیہ فضائی حملے میں ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس کے فضائی حملوں میں بدھ کے راکٹ لانچ کے جواب میں حماس کے زیر استعمال راکٹ اور ہتھیار تیار کرنے والے مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی حملوں کے باعث زور دار دھماکوں نے غزہ میں عمارتوں کو ہلا کر رکھ دیا ۔ جمعرات کی صبح غزہ کی جانب سے مزید راکٹ فائر کرنے سے خبردار کرنے کے لیے قریبی اسرائیلی علاقوں میں وارننگ سائرن بجائے گئے۔حالانکہ حماس یا اسلامی جہاد تحریک کی طرف سے بدھ کے راکٹ فائر کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ مغربی کنار ے کے علاقے جنین میں اسرائیلی فوجی حملے میں 10 فلسطینیوں کی شہادت اور پھر مشرقی القدس کے قریب فلسطین کی جانب سے فائرنگ کے واقعے میں 7 یہودیوں کو ہلاکت کے بعد سے فلسطین اور اسرائیل میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
دریں اثنا امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے حالیہ دنوں میں خطے کے اپنے دورے کے دوران دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ پرسکون رہیں ۔ انہوں نے دہائیوں پرانے تنازعے کو ختم کرنے کے لیے دو ریاستی حل کے لیے واشنگٹن کی حمایت کا اعادہ کیا۔