دہشت گردی کیخلاف اس کارروائی میں پورا ملک بلا تفریق مذہب و ملت فوج کے ساتھ کھڑا ہے

   دہشت گردی کےخلاف آپریشن سندور پر امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی کا بیان، تمام سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں اور گروہوں سے  ملک کی سالمیت، باہمی اخوت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی  برقرار رکھنے کی اپیل

دعوت ویب ڈیسک

نئی دہلی ،07 مئی :۔

پہلگام میں 22 اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد ملک میں مسلسل دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا تھا اور26 بے قصور لوگوں کی موت کے بدلے کا پورا ملک انتظار کر رہا تھا۔حکومت نے بھی  اس سنگین اور انسانیت سوز کارروائی کے خلاف دہشت گردوں پر ٹھوس کارروائی کی یقین دہانی کرائی تھی اور آج (07 مئی) کی نصف شب بھارتی  مسلح افواج نےآپریشن سندور کے تحت مقبوضہ کشمیر اور پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر زبر دست کارروائی کر کے جواب دیا ہے۔ فوج کی اس کارروائی کے بعد ملک بھر میں اطمینان کا اظہار کیا جا رہا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف فوجی کارروائی کی حمایت کی جا رہی ہے ۔تمام اپوزیشن جماعتوں اور سماجی و سیاسی شخصیات نے کھل کر فوجی کارروائی کی تعریف کی  ہے ۔ دریں اثنا معروف ملی تنظیم  جماعت اسلامی ہند نے بھی  دہشت گردی کے خلاف فوجی کاررروائی پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے تائید اور حمایت  کے ساتھ ہی عوام سے ملک میں امن و امان اور اتحاد و بھائی چارہ کو قائم رکھنے کی اپیل کی ہے۔

میڈیا کو جاری ایک پیغام میں  جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے  کہا کہ جماعت اسلامی ہند دہشت گردی کو ایک سنگین مسئلہ اور انسانیت کے خلاف بھیانک جرم سمجھتی ہے، اور ملک اور اس کے عوام کی سلامتی اور امن کے لیے اس کے مکمل خاتمے کو ضروری قرار دیتی ہے۔ملک کی مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں نے دہشت گردی کے خلاف جو کاروائی کی ہے، پورا دیش، بلا تفریق مذہب و ملت اس میں ان کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی تائید کررہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس موقع پر اس بات پر بھی زور دینا چاہتے ہیں کہ اس نازک وقت میں ملک کے تمام عوام کو متحد ہوکر اس چیلنج کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ ملک کی سلامتی کے سنگین معاملے کو کسی بھی قسم کی تفریق یا فرقہ وارانہ تناؤ پیدا کرنے کے لیے استعمال کرنا کسی صورت ملک کےمفاد میں نہیں ہے۔ ہم تمام سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں اور گروہوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملک کی سالمیت، باہمی اخوت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو ہر حال میں برقرار رکھیں اوراتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردی کی اس جنگ میں فوج کا ،سیکورٹی ایجنسیوں کا ساتھ دیں۔