شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں ہندوستان کی پاکستان کو دعوت

اگر پاکستان یہ دعوت نامہ قبول کرتا ہے تو تقریباًبارہ برسوں میں پاکستان کے کسی وزیر خارجہ کا اس طرح کا یہ پہلا دورہ ہوگا،4اور 5 مئی کو گوا میں ہو سکتا ہے اجلاس کا انعقاد

نئی دہلی،25 جنوری :۔

ہندوستان پڑوسی کو ترجیح دینے کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ہندوستان نے شنگھائی تعاون تنظیم( ایس سی او ) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے اپنے دیرینہ حریف پاکستان کو دعوت نامہ ارسال کیا ہے ۔یہ اجلاس گوا میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق  وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمیشن کے ذریعے پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو سربراہی اجلاس کے لیے مئی کے پہلے ہفتے میں گوا کا دورہ کرنے کا دعوت نامہ بھیجا ہے۔

واضح رہے کہ اس سر براہی اجلاس کا انعقاد 4 اور 5 مئی کو گوا میں منعقد کیا جا سکتا ہے ۔اگر پاکستان یہ دعوت نامہ قبول کرتا ہے تو یہ تقریباًبارہ برسوں میں پاکستان کے کسی وزیر خارجہ کا اس طرح کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔یاد رہے کہ حنا ربانی کھر نے 2011 میں ہندوستان کا دورہ کرنے والی آخری پاکستانی وزیر خارجہ تھیں۔

غور طلب ہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے ہندوستان کے ساتھ مثبت تعلقات قائم کرنے اور مل بیٹھنے کی وکالت کی تھی۔اس کے بعد ہندوستان کی جانب سے یہ پہل ایک اہم قدم مانا جا رہا ہے ۔ایس سی او میں ہندوستان اور پاکستان کے علاوہ چین، روس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں۔ اسی طرح کا دعوت نامہ وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ چین اور روس کے وزرائے خارجہ کو بھی بھیجا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات گزشتہ 8 سالوں  سےزیادہ خراب ہوئے ہیں۔ اگست 2015 میں ہندوستان نے پاکستان کے وزیر خارجہ سرتاج عزیز کو دعوت دی تھی لیکن اس وقت کی وزیر خارجہ آنجہانی سشما سوراج کی جانب سے عزیز کو ہندوستان میں حریت رہنماؤں  سے ملاقات سے گریز کرنے کی صلاح دئے جانے کے بعد یہ دورہ منسوخ کر دیا گیا تھا۔ا س تناظر میں ہندوستان کا پاکستان کو دعوت نامہ ارسال کرنا کافی اہم سمجھا جا رہا ہے۔