جنسی استحصال معاملہ:ڈبلیو ایف آئی  کی کارگزاری کی نگرانی کیلئے میری کوم کی  صدارت میں کمیٹی کی تشکیل

ریسلنگ فیڈرشن آف انڈیا کے چیف برج بھوشن سرن پر عائد جنسی استحصال اور بد عنوانی کی جانچ کے لئے تشکیل کمیٹی میں اولمپین پہلوان یوگیشور دت سمیت پانچ  کھلاڑی شامل

نئی دہلی،23جنوری ۔

ڈبلیو ایف آئی (ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا)کے صدر برج بھوشن سرن کے خلاف جنسی استحصال کے الزام کے بعد جاری پہلوانوں کااحتجاج ختم ہو چکا ہے اور مرکزی حکومت نے مظاہرین سے وعدے کے مطابق تمام معاملوں کی جانچ شروع کر دی ہے۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق آج مرکزی حکومت نے  ریسلنگ فیڈریشن کی کارگزاری پر نظر رکھنے کے لیے ایک کمیٹی بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق اس کمیٹی کی سر براہی اولمپک میڈل یافتہ اور سابق عالمی چمپئن باکسر میری کوم کریں گی۔

واضح رہے کہ وزارت کھیل نے برج بھوشن کے خلاف جنسی استحصال اور بدعنوانی کے الزامات کی جانچ کے لیےمذکورہ نگرانی کمیٹی کا اعلان پہلے ہی کیا تھا ۔ اس کمیٹی کے اراکین میں اولمپین پہلوان یوگیشور دت، دروناچاریہ ایوارڈ یافتہ ترپتی مروگندے، کیپٹن راج گوپالن، رادھا شریمن شامل ہیں۔

واضح رہے کہ مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے یہ واضح کر دیا ہے کہ برج بھوشن شرن سنگھ اپنے عہدہ پر کام نہیں کریں گے، اس سے دور رہیں گے۔ ان پر جو سنگین الزامات لگے ہیں، اس کی جانچ کی جائے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم میری کوم کو کمیٹی کا سربراہ بنا رہے ہیں۔ پانچ لوگوں کی کمیٹی میری کام کی صدارت میں بنے گی۔ کشتی فیڈریشن کا کام اب یہ نگرانی کمیٹی دیکھے گی۔ مرکزی حکومت نے گزشتہ ہفتہ کے روز ہی کہا تھا کہ کشتی فیڈریشن کی سبھی سرگرمیوں کو تب تک کے لیے ملتوی کیا گیا ہے جب تک کہ اوورسائٹ کمیٹی کی تشکیل رسمی طور پر نہیں ہو جاتی ہے۔ اس سے پہلے حکومت سے یقین دہانی کے بعد کھلاڑیوں نے جمعہ کی دیر شب اپنا دھرنا ختم کر دیا تھا۔