یوپی:تھانے کے سامنے لڑکی کی خود کشی کی کوشش،پیلی بھیت پولیس انتظامیہ پر سنگین الزام عائدکیا

پیلی بھیت کے سونگڑھی تھانے کے سامنے لڑکی نے پولیس انتظامیہ پر فرضی مقدمے  قائم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے خود کشی کی کوشش کی

پیلی بھیت،02اپریل:۔

اتر پردیش کے پیلی بھیت ضلع کے سونگڑھی علاقے میں  ایک حیران کرنے والا معاملہ سامنے آیا ہے ۔جہاں ایک لڑکی نے   تھانے کے سامنے اپنے گلے کو  بلیڈ سے کاٹ کر خود کشی کی کوشش کی ۔لڑکی نے سون گڑھی  پولیس  پر الزام لگایا کہ اس کو اور اس کے والد کو جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا ہے۔مزید اس  نے الزام لگایا کہ اس کے بہنوئی کو عصمت دری کے جھوٹے مقدمے میں گرفتار  کیا گیا ہے ۔ لڑکی کا الزام ہے کہ اس کے بہنوئی کا نام ایف آئی آر میں نہیں ہے پھر بھی اس کےخاندان پر دباؤ ڈالنے کے لئے انہیں گرفتار کیا گیا ہے ۔زخمی لڑکی کو پولیس نے فوری طو ر پر اسپتال  بھیج دیا ہے ۔

لڑکی کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا ٹوئٹر پر وائرل ہو رہا ہے جس میں لڑکی اپنا نام  کاجل ٹھاکر  بتا رہی ہے اور سونگڑھی پولیس پر سنگین الزامات عائد کرتی نظر آ رہی ہے۔لڑکی کا کہنا ہے کہ میں زہر کھا کر آئی ہوں اور میری موت کے ذمہ دار پیلی بھیت پولیس انتظامیہ ہوگی ۔انہوں نے میرے  بہنوئی کو  جھوٹے الزامات میں گرفتار کر کے  دوسرے ضلع سے  لے کر آئے ہیں۔ایس ایچ او  راجیو شرما پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے میرے اوپر فرضی مقدمی درج کئے ہیں۔مہینوں سے وہ پولیس افسران کے چکر کاٹ رہے ہیں اس کے باوجود ان کی سنوائی نہیں ہو رہی ہے ۔لڑکی کا الزام ہے کہ اس کے والد پر بھی مقدمہ قائم کیا گیا ہے ۔ان کی عمر 62 سال ہے وہ دل کے مریض ہیں ،ان پر بھی مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے ۔دریں اثنا لڑکی نے کہا کہ اس کی ماں بھی مرنے والی ہے اور اس کی لاش بھی اسی پولیس تھانے میں آئے گی۔

اطلاع کے مطابق سونگڑھی تھانے کے باہر واقعہ کے بعد فوری طور پر پولیس اہلکاروں نے لڑکی کو علاج کے لئے ضلع اسپتال میں داخل کرایا ۔دریں اثنا لڑکی کی ماں بھی ریلوے ٹریک پر بے ہوش ملی ۔اس سے قبل بھی ماں بیٹی نے سوشل میڈیا پر پولیس پر جھوٹے مقدمے میں پھنسانے کا الزام لگا کر خود کشی کی بات کی تھی۔لیکن پولیس نے اس کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔

واضح رہے کہ ضلع میں کچھ سال قبل ایک لڑکی کے ساتھ عصمت دری کا واقعہ پیش آیا تھا ۔تھانے میں مہینوں چکر لگانے کے بعد پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی تھی ۔کچھ دن قبل متاثرہ نے اے ڈی جی آف میں جا کر زہر کھا لیا تھا جس سے اس کی موت ہو گئی تھی ۔ اس کے بعد پولیس نے مذکورہ معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے سونگڑھی کے تین افراد پر مقدمہ درج کیا ہے ۔