جی 20 اجلاس کے منتظمین نے آرٹسٹ ماریو مرانڈا کی گیلری کو 25 کروڑ روپے کا ہتک عزت کا نوٹس بھیجا

نئی دہلی، جولائی 17: ایک نجی ایجنسی نے، جو گوا میں جی 20 سربراہی اجلاس کی تقریبات کا انتظام کرتی ہے، پینٹر ماریو مرانڈا کی آرٹ گیلری کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا ہے، جس میں اس کی ساکھ کو داغدار کرنے کے الزام میں 25 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

2 جولائی کو ماریو گیلری نے ایونٹ مینجمنٹ ایجنسی شان ایڈیونٹ اور گوا کے چیف سکریٹری کو جی 20 ایونٹس کی تشہیر کے لیے پینٹر کے آرٹ ورک کے غیر مجاز استعمال کا الزام لگاتے ہوئے ایک نوٹس بھیجا تھا۔ گیلری نے ایجنسی اور گوا کے حکام سے مرانڈا کے کام کو استعمال کرنے کی اجازت لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

جواب میں شان ایڈیونٹ نے 10 جولائی کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا اور یہ دعویٰ کیا کہ ماریو گیلری کا مرانڈا کے کام پر کوئی حق نہیں ہے۔ گیلری کے کیوریٹر جیرارڈ دا کنہا نے دی اسکرول کو بتایا ’’انھوں نے یہاں تک کہا کہ آرٹ ورک ماریو کا نہیں ہے اور 25 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا ہے کیوں کہ ہم نے ان کو بدنام کیا ہے۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ ماریو گیلری کو کوئی اعتراض نہیں ہے اگر مرانڈا کے کاموں کو G20 ایونٹس کو فروغ دینے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، لیکن منتظمین کو اجازت لینی چاہیے تھی۔ انھوں نے کہا ’’ہر کوئی اجازت لیتا ہے…انڈین نیوی، ایئرپورٹ اتھارٹی، انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ سبھی اجازت لیتے ہیں۔‘‘

یہ معاملہ اس ماہ کے شروع میں اس وقت سامنے آیا تھا جب مرانڈا کے بیٹوں رشاد اور راول مرانڈا نے کہا تھا کہ وہ اپنے والد کے کاپی رائٹ والے کام کے مبینہ غیر قانونی استعمال سے حیران ہیں۔

دا کنہا نے پی ٹی آئی کو بتایا تھا کہ منتظمین نے ایک چھوٹی کھڑکی کے اندر ٹائل پر مرانڈا کی پینٹنگ کا استعمال کیا جو جی 20 ایونٹس میں شرکت کرنے والے معززین کو بطور تحفہ دیا جا رہا تھا۔ انھوں نے کہا ’’ایک اور خلاف ورزی میں اولڈ گوا اور ڈونا پاؤلا میں فائبر گلاس کے 16 لائف سائز مجسمے آویزاں کیے گئے۔ یہ مجسمے مرانڈا کے تیار کردہ مجسموں سے نقل کیے گئے ہیں۔‘‘

G20 ٹورازم ورکنگ گروپ کی آخری میٹنگ 19 جون اور 22 جون کے درمیان گوا میں ہوئی تھی۔ آنے والے مہینوں میں ساحلی ریاست میں مزید میٹنگیں ہوں گی۔

ہندوستان نے یکم دسمبر کو G20گروپ کی صدارت سنبھالی ہے۔ ہر سال اس فورم کی صدارت اس کے اراکین کے درمیان گھومتی ہے۔ اس سال ملک بھر کے 50 سے زائد شہر اس فورم کے تقریباً 200 اجلاسوں کی میزبانی کریں گے۔

پیر کو دا کنہا نے کہا کہ اگر منتظمین آرٹ ورک کو استعمال کرنے کی اجازت لیں تو ماریو گیلری عدالت کے باہر معاملہ طے کرنے کے لیے تیار ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر وہ ایسا نہیں کرتے ہیں تو ہمیں قانونی کارروائی کرنی پڑے گی۔

مرانڈا، جن کا تعلق جنوبی گوا کے لوٹولم گاؤں سے ہے، کا انتقال 11 دسمبر 2011 کو ہوا تھا۔ ایک سال بعد انھیں ہندوستان کے دوسرے سب سے بڑے شہری اعزاز پدم وبھوشن سے نوازا گیا تھا۔