فیفا عالمی کپ: مراکش نے ہار کر بھی جیتا دل،فرانس فائنل میں
نئی دہلی،15دسمبر: فیفاعالمی کپ 2022 کے دوسرے سیمی فائنل میں فرانس سے مراکش کو صفر کے مقابلے دو گول سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گیا۔اب فرانس کا مقابلہ 18دسمبر کو ہونے والے فائنل میں میسی کی ٹیم ارجنٹینا سے ہوگا۔
رپورٹوں کے مطابق قطر کے البیت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے حیرت انگیز مقابلے میں فرانس کی جانب سے پانچویں منٹ میں تھیوہرنینڈز نے گول کر کے ٹیم کو بر تری دلائی،79ویں منٹ میں رینڈل کولو موانی نے دوسرا گول اسکور کر کے بر تری کو ڈبل کر دیا جو میچ کے آخر تک بر قرار رہا۔اور مراکش نے دلچسپ کھیل کا مظاہرہ کرنے کے باوجود صفر کو گول میں تبدیل کرنے میں ناکام رہا۔حالانکہ پورے کھیل میں مراکش نے فرانس جیسی چمپئن ٹیم کے سامنے سخت مقابلہ کیا۔اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ مقابلے کے تقریبا62 فیصد وقت تک گیند پر مراکش کھلاڑیوں کا ہی قبضہ رہا۔گرچہ وہ کوئی گول کرنے میں نا کام رہے۔لیکن انہوں نے فرانس کے برابر ہی گول پوسٹ پر آن ٹارگیٹ شارٹ لیا۔مکمل مقابلے میں مراکشی کھلاڑی اشرف حکیمی اور یاسین بونو چھاہے رہے۔
مراکش کو گر چہ شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن مراکش نے اپنے حیرت انگیز کھیل کے مظاہروں سے کروڑوں شائقین کا دل جیتنے میں کامیاب رہا۔اس ٹورنامنٹ کے آغاز سے پہلے شائد کسی کو امید نہیں ہوگی کی مراکش کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوگی ۔اس کے پیچھے وجہ بھی تھی کیوکہ مراکش اس ورلڈکپ سے پہلے کبھی کوارٹر فائنل میں بھی نہیں پہنچ پائی تھی۔لیکن مراکش نے دنیا کو حیران کرتے ہوئے سیمی فائنل تک کا سفر طے کیا ہے ۔
واضح رہے کہ مراکش ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی افریقی ٹیم رہی۔ مراکش سے پہلے کیمرون(1990) سینیگل(2002) گھانا(2010) نے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔مراکش کی ٹیم اب تیسرے مقام کے مقابلے میں ہفتہ (17) دسمبر کو کروشیا کا سامنا کرے گی۔