انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے چھتیس گڑھ کے سی ایم کے ڈپٹی سکریٹری کو غیر قانونی کان کنی کے معاملے میں گرفتار کیا
نئی دہلی، دسمبر 3: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جمعہ کو چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ کی ڈپٹی سکریٹری سومیا چورسیا کو غیر قانونی کان کنی میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
مرکزی ایجنسی کی منی لانڈرنگ کی تحقیقات محکمہ انکم ٹیکس کی شکایت پر مبنی ہے، جو ایک مبینہ گھوٹالے سے منسلک ہے جس میں چھتیس گڑھ میں سینئر بیوروکریٹس، تاجروں، سیاست دانوں اور دلالوں کے ذریعہ نقل و حمل کے ہر ٹن کوئلے سے 25 روپے فی ٹن کی غیر قانونی لیوی وصول کی گئی تھی۔
ہندوستان ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ چورسیا پر 150 کروڑ روپے کی دلالی کا الزام ہے۔
چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے جمعہ کو کہا کہ چورسیا کی گرفتاری ایک سیاسی حرکت ہے۔
بگھیل نے ٹویٹر پر لکھا ’’ہم اس کے خلاف اپنی پوری طاقت سے لڑیں گے۔‘‘
فروری 2020 میں پہلی بار اس معاملے میں چورسیا کے بھیلائی واقع گھر کی تلاشی لی گئی تھی۔ اس واقعے نے بگھیل کو وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھنے پر اکسایا تھا جس میں انھوں نے ان چھاپوں کو غیر آئینی بتایا تھا۔
انھوں نے یہ بھی الزام لگایا تھا کہ چھاپے ان کی حکومت کی طرف سے گذشتہ بی جے پی کی حکومت کے مبینہ بدعنوانیوں کے سلسلے میں شروع کی گئی مجرمانہ تحقیقات کے ساتھ منسلک ہیں۔