ای ڈی نے غیر ملکی زرمبادلہ کے اصولوں کی مبینہ خلاف ورزیوں کے معاملے میں بائجوز سے منسلک احاطوں کی تلاشی لی

نئی دہلی، اپریل 30: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ہفتے کے روز بنگلورو میں آن لائن ایجوکیشن پورٹل بائجوز کے چیف ایگزیکیٹو افسر بائجو رویندرن سے منسلک تین احاطوں میں تلاشی لی۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ یہ تلاشیاں فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ کی دفعات کے تحت کی گئیں۔ مرکزی ایجنسی نے کہا کہ تلاشی کے دوران ’’مختلف مجرمانہ دستاویزات اور ڈیجیٹل ڈیٹا‘‘ ضبط کیا گیا۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ایک بیان میں کہا کہ تلاشیوں سے پتہ چلا ہے کہ کمپنی نے 2011 سے 2023 کے درمیان 28,000 کروڑ روپے کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کی تھی۔ کمپنی نے اس مدت کے دوران مختلف بیرونی ممالک کو 9,754 کروڑ روپے بھی بھیجے۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے بیان میں مزید کہا گیا ’’کمپنی نے اشتہارات اور مارکیٹنگ کے اخراجات کے نام پر تقریباً 944 کروڑ روپے درج کیے ہیں، جس میں غیر ملکی دائرۂ اختیار کو بھیجی گئی رقم بھی شامل ہے۔‘‘

مرکزی ایجنسی نے یہ بھی کہا کہ بائجوز نے مالی سال 2020-21 کے بعد سے اپنے مالیاتی گوشواروں اور اپنے کھاتوں کا آڈٹ نہیں کیا ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ رویندرن بائجو تحقیقات کے دوران انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے سامنے پیش نہیں ہوئے، حالاں کہ انھیں کئی سمن جاری کیے گئے تھے۔