ای ڈی نے مغربی بنگال کے وزیر جیوتی پریا ملک کو راشن کی تقسیم میں مبینہ گھوٹالے کے معاملے میں گرفتار کیا
نئی دہلی، اکتوبر 27: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جمعہ کو مغربی بنگال کے وزیر جیوتی پریا ملک کو ریاست میں راشن کی تقسیم میں مبینہ گھوٹالہ سے منسلک منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا ہے۔
مرکزی ایجنسی نے ترنمول کانگریس لیڈر کو 18 گھنٹے سے زیادہ پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کیا۔
یہ کیس کووڈ 19 لاک ڈاؤن کے دوران راشن کی تقسیم میں مبینہ بدعنوانی سے متعلق ہے، جب ملک مغربی بنگال کے وزیر خوراک تھے۔ فی الحال ان کے پاس محکمۂ جنگلات کا قلمدان ہے۔
مرکزی ایجنسی تاجر بکیب الرحمان کے ساتھ ملک کے روابط کی تحقیقات کر رہی ہے، جسے 14 اکتوبر کو اس معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ انھوں نے غیر قانونی طور پر چاول اور گندم پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم سے کھلی منڈی میں فروخت کی۔
جمعرات کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے آٹھ مقامات پر چھاپے مارے، جن میں ملک سے منسلک احاطے بھی شامل ہیں۔ ایجنسی نے شمالی 24 پرگنہ ضلع میں وزیر کے پرسنل اسسٹنٹ امت ڈے کے گھر کی بھی تلاشی لی۔
ملک کو حراست میں لینے کے بعد ایجنسی نے کہا وہ ایک ’’سنگین سازش‘‘ میں ملوث تھے۔ بعد میں ملک کو طبی معائنہ کے لیے کولکاتا کے ایک اسپتال لے جایا گیا۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ ملک کی صحت ٹھیک نہیں ہے اور انھیں ذیابیطس ہے۔ انھوں نے کہا ’’اگر وہ مر جاتا ہے، تو میں بی جے پی اور ای ڈی کے خلاف ایف آئی آر درج کروں گی۔‘‘
ترنمول کانگریس کے سربراہ نے پوچھا کہ اگر مرکزی ایجنسیاں ہر وزیر کے گھر پر چھاپے ماریں گی تو حکومت کون چلائے گا۔
انھوں نے پوچھا کہ ’’ہر صبح ملک بھر کے لیڈروں اور وزراء کے گھروں پر چھاپے مارے جاتے ہیں۔ کیا بی جے پی لیڈروں کے گھر پر چھاپہ مارا گیا؟‘‘