دہلی شراب پالیسی بد عنوانی: ای ڈی نے مزید ایک شخص کو حیدرآباد سے کیا گرفتار

نئی دہلی،07 مارچ :۔
دہلی شراب پالیسی بد عنوانی میں سی بی آئی اور ای ڈی کی کارروائی جاری ہے ۔دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ کی گرفتاری اور سی بی آئی حراست میں تحقیقات کے درمیان اب ای ڈی نے اس معاملے میں حیدرباد سے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے ۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے دہلی حکومت کے مبینہ ایکسائز گھوٹالہ کے سلسلے میں حیدرآباد کے ارون رام چندر پلے نامی ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ اس معاملہ میں ای ڈی کی جانب سے کی گئی یہ 11ویں گرفتاری ہے۔
ارون رام چندر پلے ساؤتھ گروپ کی نمائندگی کر رہے تھے، جس نے مبینہ طور پر عام آدمی پارٹی لیڈروں کو 100 کروڑ روپے کی رشوت دی، جس کا گوا انتخابات میں استعمال ہونے کا شبہ ہے۔ ساؤتھ گروپ کی نمائندگی ابھیشیک بوئن پلے، ارون پلے اور بوچی بابو کر رہے تھے۔ وجے نائر (عام آدمی پارٹی کے کمیونیکیشن انچارج) اور اس کے ساتھی دنیش اروڑہ کے ساتھ ساز باز اور سازش میں بوئن پلے نے مبینہ طور پر 100 کروڑ روپے دیئے۔
اطلاعات کے مطابق دہلی ایکسائز پالیسی کے نفاذ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں سی بی آئی کے ذریعہ درج کی گئی ایف آئی آر میں منیش سسودیا سمیت کئی افراد اور تنظیموں کا نام لیا گیا ہے۔ سی بی آئی نے دہلی ایکسائز پالیسی 22-2021 میں مبینہ بدعنوانی کے سلسلے میں سسودیا کلیدی ملزم کے طور پر نامز دکیا ہے ۔