دہلی شراب گھوٹالہ: وائی ایس آر سی پی کے رکن پارلیمنٹ مگنتا سرینیواسولو ریڈی کا بیٹاگرفتار
ای ڈی نے حال ہی میں دہلی ایکسائز پالیسی گھوٹالہ معاملے میں پنجاب کے تاجر گوتم ملہوترا کو گرفتار کیا تھا۔ گوتم ملہوترا سابق ایم ایل اے (ایس اے ڈی) دیپک ملہوترا کے بیٹے ہیں
نئی دہلی ،11فروری :۔
سنٹرل انویسٹی گیشن ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے دہلی ایکسائز پالیسی بد عنوانی معاملے میں مگنتا راگھو ریڈی کو گرفتار کیا ہے، جو وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمنٹ مگنتا سری نواسولو ریڈی کا بیٹے بتائے جا رہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم راگھو بالاجی گروپ نامی کمپنی کا مالک اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی کے بیٹے ہیں ۔ گزشتہ ایک ہفتے کے اندر اس معاملے میں یہ تیسری گرفتاری ہے۔
ای ڈی نے پنجاب کے تاجر گوتم ملہوترا کو دہلی کی ایکسائز پالیسی میں "بے ضابطگیوں” سے منسلک منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔ اس کے علاوہ ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ جو پہلے تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی بیٹی کویتا کے ساتھ کام کرچکا تھا، کو بھی گرفتار کیا گیا۔
گوتم ملہوترا شراب بنانے والی بڑی کمپنی اویسس گروپ کے ڈائریکٹر اور سابق ایم ایل اے (ایس اے ڈی) دیپک ملہوترا کے بیٹے ہیں۔ کارٹیلائزیشن میں کردار ادا کرنے کے الزام کے علاوہ، اس پر غیر قانونی رقم کی منتقلی اور جرائم کی آمدنی کا بھی الزام ہے۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور سی بی آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ دہلی کی ایکسائز ڈیوٹی پالیسی پر نظرثانی کرتے ہوئے ‘ساؤتھ گروپ’ کے نام سے مشہور لابی کی ساز باز اور رشوت کے ساتھ بے ضابطگیاں کی گئیں۔ سی بی آئی کے مطابق کویتا کے سابق آڈیٹر بوچی بابو نے اس کیس میں ‘ساؤتھ گروپ’ کی نمائندگی کی تھی۔ ایجنسی نے اسے تعاون نہ کرنے پر گرفتار کیا تھا۔