کوویڈ 19 وبائی مرض کو قدرتی آفت قرار دے کر ڈیزاسٹر رسپانس فنڈز کے استعمال کی اجازت دیں، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کی وزیر اعظم سے اپیل
ممبئی، اپریل 15: مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے بدھ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا کہ وہ کورونا وائرس وبائی بیماری کو ایک قدرتی آفت قرار دیں تاکہ ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ کو متاثرہ افراد کو فوائد فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکے۔
منگل کو ریاست میں نئی پابندیوں کے اعلان کے دوران مہاراشٹر کے وزیر اعلی نے نوٹ کیا کہ زلزلے، بھاری بارش اور سیلاب کو قدرتی آفت سے تعبیر کیا گیا ہے اور متاثرہ افراد کو انفرادی فوائد حاصل ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ’’ہم سب نے اس (وبائی بیماری) کو قدرتی آفت کے طور پر قبول کیا ہے۔ لہذا ہم وزیر اعظم سے گزارش کر رہے ہیں کہ وہ ان لوگوں کو وہ انفرادی فوائد فراہم کریں جو قدرتی آفات میں لوگوں کو دیے جاتے ہیں، جن کی معاشی حالت وبائی امراض متاثر ہوئی ہے۔‘‘
چیف سکریٹری سیتارام کونٹے نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہ ٹھاکرے نے بدھ کے روز مودی کو خط لکھا، کہا کہ اگرچہ کوویڈ 19 وبائی بیماری ایک تباہی ہے، لیکن ابھی اس کو قدرتی آفت تسلیم نہیں کیا گیا ہے۔
انھوں نے مزید کہا ’’لہذا موجودہ نظام کے مطابق اس سے متاثر ہونے والوں کو انفرادی فوائد نہیں دیے جاسکتے ہیں۔‘‘ انھوں نے کہا کہ وبائی مرض کو قدرتی آفت قرار دینا مرکز کے دائرہ اختیار میں ہے۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ، جو ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کے تحت تشکیل دیا گیا تھا، اس وقت کوویڈ 19 مراکز جیسے انفراسٹرکچر کی تعمیر اور آکسیجن اور دوائیوں کی خریداری کے لیے بھی استعمال کیا جارہا ہے۔
عہدیدار نے دی انڈین ایکسپریس کو بتایا ’’لیکن انفرادی فوائد کی فراہمی کے لیے اس کا استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ اگر مرکز وبائی مرض کو قدرتی آفت تسلیم کرلیتا ہے اور متاثرہ افراد کے کے بارے میں فیصلہ کرنے کے طریقہ کار کو حتمی شکل دیتا ہے تو ریاست لوگوں کو انفرادی فوائد دے سکتی ہے۔‘‘
عہدیدار نے بتایا کہ متاثرہ افراد کو ریاست میں پابندیوں کے دوران قومی فوڈ سیکیورٹی ایکٹ کے تحت روزانہ 100 روپے دیے جاسکتے ہیں۔
عہدیداروں نے بتایا کہ ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فنڈ وہ بنیادی فنڈ ہے جو مطلع شدہ آفات سے نمٹنے کے لیے ریاستی حکومتوں کے پاس دستیاب ہے۔ ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ مختص کرنے میں مرکز کا 75 فیصد حصہ ہے اور مہاراشٹرا نے باقی 25 فیصد رقم فراہم کی ہے۔ عہدیدار نے بتایا کہ ڈیزاسٹر فنڈ میں ابھی تقریباً 4،200 کروڑ روپے ہیں۔
بدھ کے روز مہاراشٹرا میں 58،952 نئے کوویڈ 19 واقعات درج ہوئے، جس سے ریاست میں متاثرین کی تعداد 35،78،160 ہوگئی ہے۔ وہیں 278 مزید اموات کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد 58،804 تک جاپہنچی ہے۔