"اخلاقی محاسن آزادی کے ضامن”’ہفت روزہ دعوت‘ کا ’ اخلاقیات‘ پر خصوصی ضمیمہ جلد منظر عام پر آرہا ہے
نئی دہلی ،22 اگست :۔
ہفت روزہ دعوت وقتاً فوقتاً اپنے قارئین کے لیے تعلیمی، سماجی، سیاسی، معاشرتی اور متعدد اہم موضوعات پر خصوصی شمارے اور ضمیمے شائع کرتا آیا ہے، جن میں متعلقہ شعبوں کے ماہرین اور دانشوروں کی آراء اور کلیدی مضامین شامل ہوتے ہیں جو دلچسپی رکھنے والے قارئین، سماجی کارکنوں، طالب علموں اور نوجوانوں کے لیے دستاویز کی حیثیت رکھتے ہیں۔ حسب روایت سابق ہفتہ روزہ دعوت اپنے قارئین کے لیے ’اخلاقیات‘ پر خصوصی شمارہ یکم ستمبر تا 7 ستمبر 2024 شائع کرنے جا رہا ہے۔ اس خصوصی شمارہ کا مرکزی عنوان : ’اخلاقی محاسن آزادی کے ضامن‘ ہوگا۔اس میں مختلف ماہرینِ اور نمایاں قلم کاروں کی نگارشات شامل ہوں گی۔
قارئین اس خصوصی شمارہ میں اخلاقیات کے مختلف گوشوں سے متعلق مثلاً اخلاقی آزادی کی وضاحت اور سماجی ہم آہنگی کے لیے اس کی اہمیت، اخلاقی سالمیت کے فروغ میں اسلامی تعلیمات کا کردار، معاشرے میں اخلاقی رویے کی اہمیت، قرآن و حدیث کی روشنی میں اخلاق، معاشرے کی تشکیل میں خواتین کی اخلاقیات کا کردار، صحت عامہ پر اخلاقیات کے اثرات، روشن مستقبل کے لیے معاشرہ میں اخلاقی اقدار کو ابھارنے کی اہمیت، نوجوانوں کی اخلاقی ترقی پر توجہ مرکوز کرنے والے اقدامات اور پروگرام جیسے اہم موضوعات پر مولانا رضی الاسلام ندوی، مولانا محی الدین غازی، ڈاکٹر فاطمہ تنویر، پروفیسر ظفیر احمد، ڈاکٹر مبشرہ خان، أم عمارہ، أنور حسین، زعیم الدین احمد، فضل الرحمان، ایڈووکیٹ جلیسہ سلطانہ، عرشیہ شکیل خان جیسے متعدد قلم کاروں کے مضامین ملاحظہ کریں گے۔
ہمارے قارئین اس ضمیمے میں ملک کے مجموعی حالات میں عملی زندگی میں کارآمد مواد سے بھرپور، مسائل کے تجزیوں کے ساتھ ساتھ ان کے حل پر بھی سیر حاصل گفتگو پڑھ سکیں گے۔