کورونا وائرس: ہندوستان ایک دن میں 4 لاکھ سے زیادہ معاملات درج کرنے والا پہلا ملک، ساڑھے تین ہزار سے زیادہ اموات

نئی دہلی، یکم مئی: ہندوستان بھرمیں آج گذشتہ ایک دن میں 4،01،993 کورونا وائرس کے نئے معاملات ریکارڈ ہوئےہیں۔ وبائی بیماری کی شروعات کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب کسی بھی ملک میں ایک دن میں 4 لاکھ سے زیادہ معاملات سامنے آئے ہیں۔

وہیں ایک دن میں ریکارڈ 3،523 اموات کے ساتھ ہی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2،11،853 تک جاپہنچی ہے۔ ملک میں فی الوقت 32،68،710 فعال مریض ہیں ، جب کہ 1،56،84،406 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ملک میں اب تک 15 کروڑ سے زیادہ افراد کو کورونا وائرس ویکسین دی جاچکی ہے۔ صرف جمعہ کو ہی 27،44،485 افراد نے ویکسین حاصل کی۔

دریں آج سے ملک میں ویکسینیشن کے تیسرے مرحلے کی شروعات ہوگی، جس میں 18 سال سے زیادہ عمر کے افراد ویکسینیشن کے اہل ہوں گے۔ جمعرات کو تیسرے مرحلے میں ویکسین کے لیے رجسٹریشن کھلنے کے دوسرے دن 90 لاکھ سے زائد افراد نے اندراج کیا۔ ابھی تک 2.28 کروڑ سے زائد افراد نے ویکسین کے لیے اپنا اندراج کرایا ہے۔

دریں اثنا متعدد ریاستوں نے کہا ہے کہ ان کے پاس اتنی ویکسین نہیں ہے کہ وہ 18 سے 44 سال کی عمر کے شہریوں کو ویکسین دے سکیں۔ انھوں نے اس بات کی نشان دہی کی ہے کہ وہ ویکسینیشن پروگرام کے آغاز سے محروم رہ سکتے ہیں۔ مہاراشٹر، راجستھان اور آسام جیسی دیگر ریاستیں پہلے ہی ویکسین کی قلت کا معاملہ اٹھا چکی ہیں، جب کہ پنجاب، تلنگانہ اور آندھرا پردیش ان میں سے کچھ ہیں جنھوں نے کہا ہے کہ بالغوں کو ویکسین دینے میں تاخیر ہوگی۔

وہیں مرکزی وزارت دفاع نے جمعہ کے روز ملک کی مسلح افواج کو ہنگامی مالی اختیارات دیے تاکہ کورون وائرس وبائی امراض کے خلاف اپنی کوششوں کو بڑھا سکے۔ وزارت کی جانب سے ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اختیارات مسلح افواج کو قرنطینہ سہولیات اور اسپتال قائم کرنے اور چلانے کی اجازت دیں گے۔ مسلح افواج معمول کی منظوری کے بغیر یہ ساری کاروائیاں انجام دے سکیں گی۔

دریں اثنا آکسیجن کی قلت پر جمعہ کے روز مرکز نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ ملک میں آکسیجن کی کمی نہیں ہے اور 10،000 میٹرک ٹن گیس دستیاب ہے۔