کورونا وائرس: ایک دن میں 1.52 لاکھ سے زیادہ کیسز ریکارڈ ہوئے، ویکسین کی کمی کے درمیان ’’ٹیکا اتسو‘‘ شروع
نئی دہلی، اپریل 11: وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ ایک دن میں ہندوستان میں کورونا وائرس کے 1،52،879 نئے کیس درج ہوئے ہیں، جس کے ساتھ ہی اب ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1،33،58،805 ہوگئی ہے۔
یہ وبائی بیماری کے آغاز کے بعد سے ملک میں سب سے بڑا یک روزہ اضاف ہے۔ گذشتہ چھ دنوں سے روزانہ ہی ریکارڈ معاملات سامنے آرہے اور ایک لاکھ کا ہندسہ عبور کر رہے ہیں۔
دریں اثنا گذشتہ ایک دن میں 839 اموات کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد 1،69،275 تک جاپہنچی ہے۔
ملک میں اب فعال معاملات کی تعداد پہلی مرتبہ 11 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے، جب ملک میں 11،08،087 فعال مریض موجود ہیں۔ وہیں اب تک 1،20،81،443 اس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ دریں اثنا اب تک 10 کروڑ سے زیادہ افراد کو ویکسین دی جاچکی ہے۔
دریں اثنا کئی ریاستوں کے ذریعے ویکسین کی قلت کی شکایتوں کے درمیان حکومت نے چار روزہ ’’ٹیکا اتسو‘‘ کا آغاز کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کے روز وزراے اعلیٰ سے ملاقات کے دوران ہندوستان میں کورونا وائرس کی صورت حال پر تبادلۂ خیال کرنے کے لیے ’’ٹیکا اتسو‘‘ کا اعلان کیا تھا۔ مودی نے کہا تھا ’’ہمیں 11 سے 14 اپریل تک ایک ویکسینیشن فیسٹیول کا انعقاد کرنا چاہیے جس کے دوران ہمیں زیادہ سے زیادہ اہل افراد کو ویکسین دینی چاہیے اور ویکسین ضائع ہونے کی تعداد صفر کرنے کا ہدف بنانا چاہیے۔‘‘
این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق اتر پردیش، بہار اور متعدد دیگر ریاستوں نے اس ویکسین فیسٹیول کے دوران ویکسینیشن کی تعداد کو دوگنا کرنے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔
دریں اثنا این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق تلنگانہ نے ہفتے کے روز مرکز کو بتایا کہ اس کے پاس صرف تین دن کا ویکسین اسٹاک باقی بچا ہے۔ ریاست نے مرکز سے اگلے 15 دن تک 30 لاکھ ویکسین فراہم کرنے کو کہا ہے۔ اس سے پہلے بھی متعدد ریاستیں مرکزی حکومت سے ویکسین کی قلت کی شکایت کرچکی ہیں۔
کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی نے ہفتہ کے روز نریندر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اس صورت حال کا بڑی بدانتظامی سے سامنا کیا اور ’’حکومت نے ویکسین برآمد کی ہیں، جو ہندوستان میں ویکسین کی قلت کا باعث بنا ہے۔‘‘