کورونا وائرس: گذشتہ ایک دن میں سامنے آئے 1،03،558 نئے معاملات، اب تک کا سب سے بڑا یک روزہ اضافہ
نئی دہلی، اپریل 5: وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ ایک دن میں ملک بھر میں 1،03،558 واقعات سامنے آئے ہیں۔ یہ اس وبائی کی شروعات کے بعد سے اب تک کا سب سے بڑا یک روزہ اضافہ ہے۔ اس سنگین یک روزہ اضافے کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1،25،89،067 تک جاپہنچی ہے۔ وہیں ملک بھر میں 478 مزید اموات کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد 1،65،101 ہوگئی۔
اس سے پہلے سب سے بڑا یک روزہ اضافہ 17 ستمبر کو سامنے آیا تھا جب ایک دن میں 97،894 معاملات سامنے آئے تھے۔
دریں اثنا ملک بھر میں فعال معاملات کی تعداد 7،41،830 ہے، جب کہ اب تک 1،16،82،136 افراد اس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وزارت صحت نے بتایا کہ کورونا وائرس ویکسین اب تک 7.91 کروڑ افراد کو دی جاچکی ہے۔ یکم اپریل کو ویکسینیشن مہم کا تیسرا مرحلہ شروع ہوا، جس کے تحت 45 یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کو ویکسین دینے کی اجازت دی گئی ہے۔
دریں اثنا جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے مطابق عالمی سطح پر کورونا وائرس نے اب تک 13.12 کروڑ سے زیادہ افراد کو متاثر کیا ہے اور 28،52،196 افراد اس کے سبب ہلاک ہوئے ہیں۔