کورونا وائرس: لگاتار دوسرے دن ملک بھر میں ریکارڈ ہوئے 4 لاکھ سے زیادہ کیسز
نئی دہلی، مئی 7: سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ ایک دن میں ملک بھر میں 4،14،188 نئے کورونا وائرس کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔ معلوم ہو کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ لگاتار دو دن 4 لاکھ سے زیادہ کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔ جنوری 2020 میں وبائی بیماری پھیلنے کے بعد سے مجموعی طور پر متاثر ہونے والوں کی تعداد اب 2،14،91،598 ہوگئی ہے۔
یکم مئی کے بعد یہ تیسرا موقع ہے جب ملک میں ایک دن میں چار لاکھ سے زیادہ کیس درج ہوئے۔
دریں اثنا گذشتہ روز 3،915 افراد نے اپنی جانیں گنوا دیں۔ جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2،34،083 تک جا پہنچی ہے۔
ملک میں فعال مریضوں کی تعداد 36،45،164 رہی، جب کہ اب تک ملک میں کورونا وائرس ویکسین کے تقریباً 16.50 کروڑ شاٹس دیے جاچکے ہیں۔
ملک کے صحت کے انفراسٹرکچر پر سخت دباؤ کے درمیان مرکز نے جمعرات کے روز سپریم کورٹ کو بتایا کہ اس نے عدالت کے حکم کی تعمیل کی ہے اور کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے دہلی کو 730 میٹرک ٹن آکسیجن کی فراہمی یقینی بنائی ہے۔ اس کے فوراً بعد ہی دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا یقین دلایا کہ اگر دارالحکومت کو روزانہ زندگی بچانے والی گیس کی اتنی مقدار مل جاتی ہے تو آکسیجن کی قلت کے باعث کوئی بھی نہیں مرے گا۔
دریں اثنا روس نے اسپوتنک وی کورونا وائرس ویکسین کے ایک ڈوز والے ورژن کو منظوری دے دی ہے، اس کے ڈویلپرز نے جمعرات کو یہ اعلان کیا۔ نیا ورژن، جس کا نام سپوتنک لائٹ ہے، تقریبا 80 فیصد افادیت کا حامل ہے۔
جان ہاپکنز یونی ورسٹی کے مطابق دسمبر 2019 میں وبائی امراض پھیلنے کے بعد عالمی سطح پر کورونا وائرس نے اب 15.56 کروڑ سے زیادہ افراد کو متاثر کیا ہے اور 32.51 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔