کورونا وائرس: سی بی ایس ای، سی آئی ایس سی ای نے بارہویں جماعت کے بورڈ امتحانات منسوخ کیے، وزیر اعظم مودی کے ساتھ میٹنگ کے بعد لیا گیا فیصلہ
نئی دہلی، 2 جون: سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن اور کونسل فار انڈین اسکول سرٹیفکیٹ ایگزامینیشن نے منگل کو ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورت حال کے پیش نظر بارہویں کلاس کے بورڈ امتحانات منسوخ کردیے۔ اس سے قبل اپریل میں سی بی ایس ای اور سی آئی ایس سی ای دونوں نے کلاس 10 کے امتحانات بھی منسوخ کردیے تھے۔
منگل کو سی بی ایس ای نے امتحانات سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ میٹنگ کے بعد اس فیصلے کا اعلان کیا۔ تعلیمی بورڈ نے کہا کہ طلبا کے نتائج "نئے اصول کے مطابق مقررہ وقت پر‘‘ مرتب کیے جائیں گے۔
سی بی ایس ای کے کنٹرولر آف ایگزامینیشن سنیم بھاردواج نے کہا کہ کوویڈ ۔19 کی صورت حال سازگار ہونے پر ان طلبا کو امتحانات میں شامل ہونے کا آپشن دیا جائے گا جو نتائج سے مطمئن نہیں ہیں۔
مودی نے اعلان کیا کہ یہ فیصلہ طلبا کے مفاد میں لیا گیا ہے۔ ان کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ’’انھوں نے (مودی نے) کہا کہ کوویڈ ۔19 نے تعلیمی تقویم کو متاثر کیا ہے اور بورڈ امتحانات کو لے کر طلبا، والدین اور اساتذہ میں بے حد بے چینی پائی جارہی ہے، جس کو ختم کیا جانا چاہیے۔‘‘ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ طلبا کی صحت اور حفاظت کی انتہائی اہمیت ہے اور اس سے کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
سی بی ایس ای کے اعلان کے بعد CISCE نے بھی فوری طور پر اس کی پیروی کی۔ ایک بیان میں سی آئی ایس سی ای کے جنرل سکریٹری گیری آرتھون نے کہا کہ نتائج اس طریقۂ کار پر مبنی ہوں گے جس میں اسکول کے ذریعہ ہونے والی داخلی تشخیص بھی شامل ہوں گی۔ انھوں نے کہا ’’اسکولوں کو اس میکانزم کے بارے میں وقت کے ساتھ آگاہ کیا جائے گا۔‘‘
سی بی ایس ای کے نقطہ نظر کی طرح ہی آرتھون نے بھی یہ کہا کہ اگر طلبہ نمبروں سے مطمئن نہیں ہیں تو انھیں امتحانات میں شرکت کا اختیار دیا جائے گا۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا سمیت مختلف سیاستدانوں نے امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ منگل کی شام فیصلے کے اعلان کے بعد متعدد سیاسی رہنماؤں نے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔