بھارت جوڑو یاترا کے دوران کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سنتوکھ سنگھ کا انتقال
فی الحال روکی گئی یاترا،وزیر اعظم،لوک سبھا اسپیکر اور کانگریس صدر سمیت متعدد رہنماؤں کا اظہار تعزیت
نئی دہلی،14جنوری :
راہل گاندھی کی قیادت میں چل رہی کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا ان دنوں پنجاب میں ہے۔اس دوران ایک سوگوار اطلاع موصول ہوئی ہے ،آج صبح کانگریس رکن پارلیمنٹ چودھری سنتوکھ سنگھ کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔وہ بھارت جوڑو یاترا کے دوران راہل گاندھی کے ساتھ چل رہے تھے۔رکن پارلیمنٹ کے انتقال کے بعد بھارت جوڑو یاترا فی الحال روک دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق پنجاب کے فلور میں پہنچی بھارت جوڑو یاترا کے دوران سنتوکھ سنگھ بے ہوش ہو گئے تھے ۔اس کے بعد انہیں فوری طور پر پھگواڑا کے ایک اسپتال میں لے جایا گیا جہاں بعد میں ان کا انتقال ہو گیا ۔چودھری سنتوکھ سنگھ جالندھر کے رکن پارلیمنٹ تھے ۔ان کے انتقال کے بعد بھارت جوڑو یاترا روک دی گئی ہے۔ راہل گاندھی بھی یاترا روک کر سنتوکھ سنگھ کو دیکھنے اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کااظۃار کرنے اسپتال پہنچے تھے۔
کانگریس رکن پارلیمنٹ کے اچانک انتقال پر کانگریس رہنماؤں سمیت وزیر اعظم نریندر مودی،لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا وغیرہ نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی اور تنظیم کے لئے ایک بڑا دھچکا ہے ۔انہوں نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ ہمارے رکن پارلیمنٹ سنتوکھ سنگھ چودھری کے قبل از وقت انتقال کی خبر سن کر گہرا صدمہ پہنچا ہے ۔ان کا جانا پارٹی اور تنظیم کے لئے بڑا جھٹکا ہے۔ مصیبت کی اس کھڑی میں ہماری ہمدردیاں ان کے اہل خانہ اور چاہنے والوں کے ساتھ ہیں۔ کانگریس رہنما جے رام رمیش سمیت متعدد رہنماؤں نے سنتوکھ سنگھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔