بجرنگ دل، وی ایچ پی کے اعتراض کے بعد گروگرام میں کامیڈین کنال کامرا کا شو منسوخ
نئی دہلی، ستمبر 10: دی انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق گروگرام میں کامیڈین کنال کامرا کا ایک شو ہندوتوا گروپس بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد کے اعتراض کے بعد منتظمین نے جمعہ کو منسوخ کر دیا۔
کامرہ کو 17 اور 18 ستمبر کو شہر کے اسٹوڈیو Xo بار میں شو کرنا تھا۔
دونوں تنظیموں نے الزام لگایا کہ کامرا ہندو دیوتاؤں کا مذاق اڑاتے ہیں اور ان کا شو شہر میں فرقہ وارانہ کشیدگی کا باعث بن سکتا ہے۔ اے این آئی کے مطابق انھوں نے گروگرام انتظامیہ کو ایک میمورنڈم بھی پیش کیا۔
بجرنگ دل کے ضلعی رابطہ کار پروین سینی نے انڈین ایکسپریس کو بتایا ’’اس کامیڈین [کامرا] نے اپنے شوز اور ویڈیوز میں بار بار ہندو دیوی دیوتاؤں کی توہین کی ہے۔ ہم نے منتظمین کو یوٹیوب پر اس کی حرکتوں کی ویڈیوز دکھائیں۔ ہندو عقیدے پر حملہ کرنے والے ایسے لوگوں کو گڑگاؤں میں پرفارم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسی کسی بھی توہین کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘‘
پروگرام کی منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے اسٹوڈیو Xo بار کے جنرل مینیجر ساحل داؤرا نے کہا کہ ان سے بجرنگ دل کے دو افراد نے رابطہ کیا، جنھوں نے شو میں خلل ڈالنے کی دھمکی دی۔
داؤرا نے انڈین ایکسپریس کو بتایا ’’میں کوئی پریشانی نہیں چاہتا۔ میں نے مالکان، پولیس اور کامیڈین سے بات کی ہے اور میں اپنی کمپنی اور تنظیم کو کوئی خطرہ نہیں چاہتا… اس لیے ہم نے اسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘
انھوں نے مزید کہا کہ کوئی باقاعدہ شکایت درج نہیں کی گئی۔
اس دوران کامرا نے کہا کہ جو لوگ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ ہندو دیوتاؤں کا مذاق اڑاتے ہیں، ان کے پاس ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے۔
26 اگست کو دہلی پولیس نے مزاحیہ اداکار منور فاروقی کے شو کی اجازت بھی مسترد کر دی تھی جو دو دن بعد شہر میں ہونے والا تھا۔ یہ پیش رفت اس وقت ہوئی جب وشو ہندو پریشد نے دہلی پولیس کمشنر سنجے اروڑہ کو خط لکھ کر شو کو دی گئی اجازت کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔
جے شری رام سینا نامی ہندوتوا تنظیم کی طرف سے شکایت درج کرائے جانے کے بعد 19 اگست کو بنگلورو میں فاروقی کا ایک اور شو آخری لمحات میں منسوخ کر دیا گیا تھا۔
تنظیم نے الزام لگایا تھا کہ کامیڈین نے ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے اور دیوتا رام اور سیتا کے بارے میں توہین آمیز تبصرہ کیا ہے۔ تاہم پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ شو کو منسوخ کر دیا گیا تھا کیوں کہ اس کے منتظمین نے اجازت نہیں مانگی تھی۔