مودی حکومت نے راجیو گاندھی فاؤنڈیشن و راجیو گاندھی چیریٹیبل ٹرسٹ کا ‘ایف سی آر اے’ لائسنس منسوخ کیا

مرکزی وزارت داخلہ نے گاندھی خاندان سے وابستہ دو غیر سرکاری تنظیموں راجیو گاندھی فاؤنڈیشن اور راجیو گاندھی چیریٹیبل ٹرسٹ کا فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ (ایف سی آر اے) لائسنس منسوخ کر دیا ہے۔

نئی دہلی: مرکزی وزارت داخلہ نے گاندھی خاندان سے وابستہ دو غیر سرکاری تنظیموں راجیو گاندھی فاؤنڈیشن اور راجیو گاندھی چیریٹیبل ٹرسٹ کا فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ (ایف سی آر اے) کا لائسنس منسوخ کر دیا ہے۔ دونوں اداروں کی سربراہ سونیا گاندھی ہیں اور اب ان دونوں تنظیموں کو غیر ملکی فنڈز حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

آئی اے این ایس نے ذرائع کے حوالہ سے رپورٹ دی ہے کہ راجیو گاندھی فاؤنڈیشن اور راجیو گاندھی چیریٹیبل ٹرسٹ کے فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ (ایف سی آر اے) کے لائسنس غیر ملکی فنڈنگ ​​قوانین کی خلاف ورزی کی پاداش میں منسوخ کئے گئے ہیں۔ وزارت داخلہ نے اس کی تحقیقات کے لیے 2020 میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی تھی۔ یہ فیصلہ اسی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی راجیو گاندھی فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن ہیں، جبکہ دیگر ٹرسٹیوں میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی شامل ہیں۔ راجیو گاندھی چیریٹیبل ٹرسٹ کی چیئرپرسن بھی سونیا گاندھی ہیں۔ جبکہ اس کے ٹرسٹیوں میں راہل گاندھی، اشول گنگولی، بنسی مہتا اور دیپ جوشی شامل ہیں۔

راجیو گاندھی فاؤنڈیشن اور راجیو گاندھی چیریٹیبل ٹرسٹ 2020 میں تحقیقات کے دائرے میں آئے تھے۔ تب وزارت داخلہ نے گاندھی خاندان سے جڑی کل 3 این جی اوز کی تحقیقات کے لیے ایک انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) افسر کی سربراہی میں ایک بین وزارتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ ان پر ایف سی آر اے کی مبینہ خلاف ورزی سمیت انکم ٹیکس گوشوارے میں جعلسازی کا الزام تھا۔

یہاں اس بات کی وضاحت ضروری ہے کہ راجیو گاندھی فاؤنڈیشن 1991 میں قائم کیا گیا تھا، جبکہ راجیو گاندھی چیریٹیبل ٹرسٹ 2002 میں قائم ہوا تھا۔ سنہ 2020 میں بی جے پی صدر جے پی نڈا نے بھی الزام لگایا تھا کہ ان اداروں نے چین سے ایسے فنڈز لیے ہیں، جو ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ اس کے بعد سے ہی اس پر سیاست گرم ہوگئی تھی اور نتیجے کے طور پر آج مرکزی کی مودی حکومت نے دونوں اداروں کے فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ (ایف سی آر اے) کا لائسنس منسوخ کردیا۔

لائسنس کی منسوخٰ کے بعد کانگریسی رہنماؤں کا سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے راجیو گاندھی فاؤنڈیشن اور راجیو گاندھی چیریٹیبل ٹرسٹ کے فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ (ایف سی آر اے) لائسنس کی منسوخی کو مرکز کی مودی حکومت کی سیاسی بد نیتی کی علامت قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ صرف سیاسی وجوہات کی بنا پر یہ ان اداروں پر حملہ کرکے گاندھی خاندان کو بدنام کرنے کی ایک اور کوشش ہے۔
مسٹر گہلوت نے آج ایف سی آر اے لائسنس کی منسوخی کے بعد اپنے ردعمل میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بددیانتی سے مودی حکومت عوام کی نظروں میں خود کو بے نقاب کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ راجیو گاندھی فاؤنڈیشن اور راجیو گاندھی چیریٹیبل ٹرسٹ کے لائسنس کی منسوخی مودی حکومت کی سیاسی بد نیتی کی علامت ہے۔ یہ دونوں ادارے زلزلہ، سونامی، کووڈ سمیت ہر آفت میں متاثرین کی مدد کرنے کی تاریخ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی فاؤنڈیشن یتیموں، خواتین اور معذوروں کی خدمت کے لیے کام کرتی ہے۔ راجیو گاندھی چیریٹیبل ٹرسٹ خواتین کو بااختیار بنانے اور بصارت سے محروم افراد کی خدمت کرنے کا کام کر رہا ہے۔ صرف سیاسی وجوہات کی بنا پر ان اداروں پر حملہ کرنا گاندھی خاندان کو بدنام کرنے کے لیے مودی حکومت کی ایک اور بددیانتی ہے۔ مودی حکومت چاہے کتنی ہی کوشش کر لے وہ گاندھی خاندان کو عوام کی خدمت کرنے سے نہیں روک سکتی۔