پاپولر فرنٹ آف انڈیا غیر قانونی تنظیم قرار، پانچ سال کی پابندی عائد
نئی دہلی، 28؍ستمبر2022:مرکزی وزارت داخلہ نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی)اور اس سے منسلک تنظیموں کو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے پر غیر قانونی تنظیم قرار دیتے ہوئے اس تعلق سے ایک سرکاری نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا ہے۔
وزارت نے اس تنظیم پر فوری طور پر 5 سال کے لئے پابندی عائد کر دی ہے۔
وزارت داخلہ نے منگل کی دیر رات جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں کہا کہ پی ایف آئی نوجوانوں، طلباء، خواتین، ائمہ کرام، وکلاء اور معاشرے کے کمزور طبقات تک اپنی رسائی میں اضافہ کرکے ایک خفیہ ایجنڈے کے تحت ایک مخصوص طبقے کو بنیاد پرست بنا رہی ہے۔ تنظیم کا مقصد جمہوریت کے تصور کو کمزور کرنا اور آئین کے خلاف کام کرنا ہے۔
وزارت داخلہ نے کہاہےکہ تحقیقات میں پی ایف آئی کے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے کے بعد اس پر اور اس سے متعلقہ اداروں پر فوری اثر سے 5 سال کے لیے پابندی عائد کی جا رہی ہے۔
خیال ر ہے کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی نے گزشتہ ہفتے پورے ملک میں پی ایف آئی کے 100سے زائد ٹھکانوں پر چھاپے مارے اور اس کے 250 سے زائد ارکان کو گرفتار کیا ہے۔
پریس انفارمیشن بیورو(پی آئی بی) میں وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ریلیز کا متن یہاں ذیل میں درج کیا جا رہا ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق پاپولرفرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی ) اور اس کے معاونین اور ملحقہ اداروں کو سنگین جرائم جیسے دہشت گردی اوراس کی مالی امداد ، ہدف بناکر لوگوں کابے رحمی سے قتل ،ملک کے آئینی نظام کی بے حرمتی ، امن عا مہ میں خلل ڈالنےوغیرہ میں ملوث پایا گیا ہے جو کہ ملک کی سالمیت، سلامتی اور خودمختاری کے لئے ضرررساں ہے ۔
اس بنا پر ، امورداخلہ کی وزارت نے اس تنظیم کی خطرناک سرگرمیوں پر قدغن لگانے کو ضروری خیال کیا اور اس سلسلے میں پاپولر فرنٹ آف ا نڈیا کو اس کے معاونین یا ملحقہ اداروں اوراس سے جڑی دیگر تنظیموں وغیرہ کے ساتھ ساتھ غیرقانونی سرگرمیاں (انسداد )قانون 1967 کے التزامات کے تحت ، ایک غیر قانونی گٹھ جوڑ قرار دیا ہے۔ان ملحقہ تنظیموں اور اداروں میں ری ہیب انڈیافاؤنڈیشن (آر آئی ایف )، کیمپس فرنٹ آف انڈیا ( سی ایف آئی ) ، آل انڈیا امامس کونسل (اےآئی آئی سی) ، انسانی حقوق تنظیم کی قومی کنفیڈریشن (این سی ایچ آر او ) ، نیشنل ویمنس فرنٹ ، جونیئر فرنٹ ، امپاورانڈیا فاؤنڈیشن اورری ہیب فاؤنڈیشن کیرالہ شامل ہیں ۔
گزٹ نوٹیفکیشن کی تفصیلات دیکھنے کےلئے پی آئی بی کے اس لنک پر کلک کریں۔
https://static.pib.gov.in/WriteReadData/specificdocs/documents/2022/sep/doc2022928110701.pdf
پاپولر فرنٹ آف انڈیاپر راتوں رات پابندی کے خلاف ملی جماعتوں نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔