بھیما کوریگاؤں کیس: گوتم نولکھا کی گھر پر نظر بندی میں ایک ماہ کی توسیع
نئی دہلی، دسمبر 14: سپریم کورٹ نے منگل کو کارکن گوتم نولکھا کی نظر بندی میں ایک ماہ کی توسیع کر دی، جو بھیما کوریگاؤں کیس کے ملزمین میں سے ایک ہیں۔
10 نومبر کو عدالت نے نولکھا کو ایک ماہ تک گھر میں نظر بند رکھنے کی اجازت دی تھی۔ یہ اس وقت ہوا جب کارکن نے خراب صحت اور جیل میں ناقص سہولیات کی بنیاد پر جیل سے منتقل کیے جانے کی درخواست دائر کی۔
نولکھا کو 19 نومبر کو نوی ممبئی کی تلوجا جیل سے دو سال سے زیادہ عرصہ تک وہاں بند رہنے کے بعد رہا کیا گیا تھا۔
منگل کو جسٹس کے ایم جوزف اور بی وی ناگرتھنا کی بنچ نے گھر میں نظربندی کے حکم کو جنوری 2023 کے دوسرے ہفتے تک بڑھا دیا، جس وقت اس کیس کی دوبارہ سماعت کی جائے گی۔
گذشتہ ماہ 10 نومبر کو سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود، سرکاری رکاوٹوں اور نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کے اعتراضات کی وجہ سے نو دن تک جیل سے رہا نہیں ہوا تھا۔ 18 نومبر کو عدالت نے اپنے حکم پر 24 گھنٹے کے اندر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کے بعد ہی انھیں گھر میں نظر بند کر دیا گیا۔
بھیما کوریگاؤں کیس، جس میں نولکھا کو ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا ہے، 2018 میں پونے کے قریب ایک گاؤں میں ذات پات کے تشدد سے متعلق ہے۔ اس معاملے میں کل 16 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
نولکھا نے گھر میں نظر بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے درخواست دائر کی تھی جب اس کے شریک ملزم قبائلی حقوق کے کارکن اسٹین سوامی کی گذشتہ سال جولائی میں دوران حراست موت ہو گئی تھی۔
سوامی، جو پارکنسنز کے مرض میں مبتلا تھے اور جیل میں رہتے ہوئے بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے، ان کی صحت کی خرابی کے باوجود بار بار انھیں ضمانت سے انکار کیا گیا تھا۔ وہ 84 سال کے تھے۔