فوج ایل اے سی پر کسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار
بنگلورو میں منعقدہ آرمی ڈے پروگرام میں آرمی چیف جنرل منوج پانڈے کا فوج کے سینئر افسروں اور جوانوں سے خطاب
بنگلورو،نئی دہلی،15 جنوری:۔
ہندوستانی فوج لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی ) پر کسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔رپورٹ کے مطابق مذکورہ خیالات کا اظہار آرمی چیف جنرل منوج پانڈے نے آج بنگلورو میں آرمی ڈے کے موقع پر پریڈ کا معائنہ کرنے کے بعد اپنے خطاب کے دوران کیا۔بتا دیں کہ یہ پہلا موقع ہے جب آرمی ڈے کا اہتمام دارالحکومت دہلی سے باہر کیا جا رہا ہے۔
آرمی ڈے پروگرام کے دوران فوج کے سینئر افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل پانڈے نے کہا کہ آج ہندوستان ایک نئے دور کی دہلیز پر کھڑا ہے۔ ہم سب بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کے بڑھتے قد،اقتصادی ترقی کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ہم اہل وطن کی بڑھتی ہوئی امنگوں اور عالمی برادری کی توقعات کے بھی گواہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان تمام وجوہ کے سبب یہ ضروری ہے کہ ہندوستانی فوج قومی اہداف اور مقاصد کےس اتھ پوری طرح ہم آہنگ رہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ سلامتی کے نقطہ نظر سے قومی کی ترقی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
اس موقع پر انہوں نے چین اور پاکستان پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ لائن آف ایکچول کنٹرول(ایل اے سی)پر مضبوط دفاعی صورت حال بر قرار رکھتے ہوئے ہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل طو ر پر تیار ہیں۔ہمارے جانباز جوان ،دشوار گزار خطوں اور سخت موسم کے باوجودچوکسی کے ساتھ تعینات ہیں۔انہیں ہر قسم کا اسلحہ ،آلات اور سہولیات وافر مقدار میں فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شمالی سرحدی علاقوں میں صورت حال معمول پر ہے ۔پروٹوکول اور موجودہ سرحدی نظام کے ذریعہ امن و مان بر قرار رکھنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔