۔1949 کے بعد پہلی بارآرمی ڈے پریڈ کا انعقاد دہلی سے باہر
بینگلورو کے ایم ای جی اینڈ سینٹر کے پریڈ گراؤنڈ میں منعقد کیا جا رہا ہے،صدر جمہوریہ ،وزیر اعظم اور وزیر دفاع نے مبارکباد پیش کی
نئی دہلی ، 15 جنوری:۔
روایتی طور پر دہلی میں منعقد ہونے والا آرمی ڈے پریڈ کا انعقاد پہلی بار قومی راجدھانی سے باہر ہو رہا ہے۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق آرمی ڈے پریڈ تقریبات کا آغاز آج بینگلورو کے ایم ای جی اینڈ سینٹر کے پریڈ گراؤنڈ میں کیا جا رہا ہے۔1949 سے مسلسل منعقد کیا جانے والا 75واں آرمی ڈے اس بار اپنی نوعیت کا پہلا آرمی ڈے ہے جو دہلی کے باہر منعقد ہو رہا ہے ۔آج صبح فوجی سر براہ منوج پانڈے نے ایم ای جی اینڈ سینٹر میں پریڈ کا جائزہ لیا۔صدرجمہوریہ دروپدی مرمو وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے علاوہ دیگررہنماؤں نے آرمی ڈے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس سال، پریڈ میں مارچ پاسٹ کرنے والے مختلف دستے شامل ہوں گے، جن میں آرمی سروس کور کا ایک گھوڑ سوار دستہ اور پانچ رجمنٹل پیتل کے بینڈوں پر مشتمل ایک فوجی بینڈ بھی شامل ہے۔ آرمی سروس کارپس ٹارنیڈو کی جانب سے جانباز جوان موٹر سائیکل فن کا مظاہرہ کریں گے۔پیرا ٹوپرس کے ذریعہ اسکائی ڈائیونگ مظاہرہ،ڈیئر ڈیول جمپ اور آرمی ایویشن کارپس کے ہیلی کاپٹروں کے ذریعہ فلائی پاسٹ بھی کیا جائے گا۔ ہر دستہ شاندار تاریخوں اور منفرد روایات کے ساتھ ریجمنٹ کی نمائندگی کر رہا ہے۔ اس موقع پر فوجی سر براہ جنرل منوج پانڈے بہادری اور جانبازی کے میدان میں انفرادی خدمات کے اعتراف میں جوانوں کو بہادری کے اعزاز سے نوازیں گے۔
واضح رہے کہ آرمی پریڈ ڈے ہر سال 15 جنوری کوجنرل (بعد میں فیلڈ مارشل) کے ایم کریپا کے ذریعہ 1949 میں ہندوستانی فوج کے آخری برطانوی کمانڈر ان چیف جنرل سر ایف آر آر بوچر سے ہندوستانی فوج کی کمان سنبھالنے کے موقع کی یاد میں منایا جاتا ہے ۔اس سال آرمی پریڈ ڈے کی تقریبات جنوبی کمان کی نگرانی میں منعقد ہو رہا ہے جس کا ہیڈ کوارٹر پونے میں ہے ۔