انل چوہان ہوں گے اگلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف

نئی دہلی، ستمبر 28: مرکزی حکومت نے بدھ کو لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) انیل چوہان کو اگلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے طور پر مقرر کیا ہے۔

چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا عہدہ 8 دسمبر کو تمل ناڈو میں ایک طیارے کے حادثے میں بپن راوت کی موت کے بعد سے خالی پڑا تھا۔ اس حادثے میں ان کی اہلیہ مدھولیکا راوت سمیت تیرہ دیگر افراد کی بھی موت ہو گئی تھی۔

چوہان نیشنل ڈیفنس اکیڈمی، کھڑکواسلا اور انڈین ملٹری اکیڈمی، دہرادون کے سابق طالب علم ہیں۔ انھیں 1981 میں ہندوستانی فوج کی 11 گورکھا رائفلز میں کمیشن ملا تھا۔

چوہان نے میجر جنرل کی حیثیت سے جموں و کشمیر کے بارہمولہ سیکٹر میں انفنٹری ڈویژن کی کمانڈ کی تھی۔ وزارت دفاع کی ایک پریس ریلیز کے مطابق انھیں لیفٹیننٹ جنرل کا عہدہ ملنے کے بعد وہ ستمبر 2019 سے ایسٹرن کمانڈ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف بن گئے۔