ہنڈن برگ کی رپورٹ کے بعد اڈانی کو جھٹکا، ایف پی او منسوخ، پیسے واپس کرنے کا اعلان

نئی دہلی ،02فروری :۔
ہنڈن برگ ریسرچ رپورٹ کے اڈانی گروپ کے خلاف جعلسازی کے سنگین الزامات عائد کئے ہیں اس کے نتائج پر منظر عام پر آنے لگے ہیں۔رپورٹ کے انکشاف کے بعد اڈانی گروپ کے شیئرز میں تیزی سے گراوٹ درج کی گئی اور اس دوران اڈانی امیر ترین ٹاپ ٹین لوگوں کی فہرست سے بھی کھسک گئے اس کے بعد اب اور ایک جھٹکا اڈانی کو لگا ہے۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق اڈانی گروپ نے اپنے 20,000 کروڑ روپے کے ایف پی او یعنی فالو اپ پبلک آفر کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹوں کے مطابق اڈانی انٹرپرائزز لمیٹڈ کے چیئرمین گوتم اڈانی نے کہا ہے کہ مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کو دیکھتے ہوئے کمپنی کے بورڈ نے ایف پی او کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گوتم اڈانی نے کہا کہ کمپنی نے یہ فیصلہ اسٹاک مارکیٹ میں زبردست ہلچل اور مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر سرمایہ کاروں کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایف پی او سے وصول کی گئی رقم سرمایہ کاروں کو واپس کر دیں گے اور اس سے متعلق لین دین بند کر دیں گے۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی نے کہا کہ میرے لیے میرے سرمایہ کاروں کا مفاد سب سے اہم ہے۔ لہذا، سرمایہ کاروں کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے، ہم نے ایف پی او واپس لے لیا ہے۔ اس فیصلے سے ہماری موجودہ کارروائیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ہم بروقت عملدرآمد پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔
واضح رہے کہ اڈانی گروپ کا یہ غیر معمولی فیصلہ ہنڈن برگ ریسرچ رپورٹ کے جاری ہونے کے بعد گروپ کے شیئرز میں زبردست گراوٹ کے درمیان آیا ہے۔ ہنڈن برگ کی رپورٹ نے اس گروپ پر "انتہائی بے باک انداز میں حصص کے غلط استعمال اور اکاؤنٹس میں جعل سازی” کا الزام لگایا ہے۔
اس رپورٹ کے جواب میں اڈانی گروپ نے ہنڈن برگ کی ساکھ اور رپورٹ کے وقت پر سوال اٹھائے ہیں۔ کمپنی نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ یہ رپورٹ محض ایک مخصوص کمپنی پر غیر ضروری حملہ نہیں ہے بلکہ ہندوستان، ہندوستانی اداروں کی آزادی، سالمیت اور معیار پر منظم حملہ ہے۔ اڈانی گروپ نے اس رپورٹ کو ہندوستان کی ترقی کی کہانی اور ہندوستان کے عزائم پر حملہ قرار دیا ہے۔

گوتم اڈانی نے کہا کہ میرے لیے میرے سرمایہ کاروں کا مفاد سب سے اہم ہے۔ لہذا، سرمایہ کاروں کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے، ہم نے ایف پی او واپس لے لیا ہے۔ اس فیصلے سے ہماری موجودہ کارروائیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ہم بروقت عملدرآمد پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔

اہم بات یہ ہے کہ ہنڈن برگ کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد، اڈانی گروپ کی کمپنیوں کے حصص میں پچھلے پانچ تجارتی سیشنوں میں زبردست گراوٹ درج کی گئی ہے اور کمپنی کو اپنی کل مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 7 لاکھ کروڑ سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے۔
ایف پی او کیا ہے؟
یہ سمجھنا ضروری ہے کہ فالو آن پبلک آفر (FPO) کیا ہے؟ دراصل، ایک کمپنی کے پاس پیسہ اکٹھا کرنے کا یہ ایک طریقہ ہے۔ وہ کمپنی جو پہلے ہی اسٹاک مارکیٹ میں درج ہے، سرمایہ کاروں کو نئے حصص پیش کرتی ہے۔ یہ حصص مارکیٹ میں موجود حصص سے مختلف ہوتے ہیں۔