کارکن تیستا سیتلواڑ کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیجا گیا
نئی دہلی، جولائی 2: اے این آئی کے مطابق کارکن تیستا سیتلواڑ اور گجرات کے سابق پولیس ڈائریکٹر جنرل آر بی سری کمار کو ہفتہ کو گجرات کی ایک عدالت نے 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے۔
گجرات کی ایک عدالت نے اتوار کو کارکن کو 2 جولائی تک پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ پولس نے 14 دن کی تحویل کا مطالبہ کیا تھا۔
دی انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق تیستا نے اپنے وکیل ایس ایم وتسا کے ذریعے جیل میں تحفظ کی درخواست کی۔ انھوں نے کہا کہ بہت سے لوگ جنھیں ان کی وجہ سے سزا سنائی گئی ہے وہ سابرمتی سنٹرل جیل میں ہیں، جہاں انھیں عدالتی حراست کے دوران رکھا جائے گا۔
سیتلواڑ کو 26 جون کو 2002 کے گجرات فسادات سے متعلق ایک معاملے میں مبینہ طور پر جعل سازی اور ثبوت گھڑنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ سری کمار کو ایک دن پہلے اسی الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
گجرات پولیس کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے 2002 میں گودھرا ٹرین کو جلانے کے بعد احمد آباد کی گلبرگ سوسائٹی میں ہونے والے تشدد کے بارے میں دیے گئے بیانات کے سلسلے میں پوچھ گچھ کرنے کے لیے سیتلواڑ کو 25 جون کو ان کے ممبئی کے گھر سے اٹھایا تھا۔
سیتلواڑ کے خلاف یہ کارروائی اس وقت ہوئی جب مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اے این آئی کو انٹرویو دیتے ہوئے سیتلواڑ پر 2002 کے گجرات فسادات کے بارے میں پولیس کو بے بنیاد معلومات دینے کا الزام لگایا تھا۔
دریں اثنا اقوام متحدہ کی انسانی حقوق سے متعلق خصوصی نمائندہ میری لاولر نے کہا کہ سیتلواڑ کے خلاف پولیس کی کارروائی نہایت تشویش ناک ہے۔