حافظ سعید کا رشتہ دار عبد الرحمان مکی عالمی دہشت گرد قرار
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مکی کا نام پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا
اقوام متحدہ،17جنوری:۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) نے پاکستانی دہشت گرد اور لشکر طیبہ کے نائب سربراہ عبدالرحمان مکی کو عالمی دہشت گرد قرار دیا ہے ۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی القاعدہ پابندی کمیٹی نے پیر کے روز مکی کا نام ممنوعہ فہرست میں شامل کیا۔ اس فہرست میں شامل لوگوں کی جائیداد ضبط کرنے، ان پر سفری اور اسلحہ کی پابندیاں عائد کرنے کا انتظام ہے۔رپورٹ کے مطابق ہندوستان نے گزشتہ سال جون میں مکی کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی کوشش کی تھی لیکن چین نے رخنہ ڈال دیا تھا۔
خیال رہے کہ ہندوستان اور امریکہ پہلے ہی اپنے ملک کے قوانین کے تحت عبدالرحمان مکی کو دہشت گرد قرار دے چکے ہیں۔ مکی ہندوستان میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے، جس میں دہشت گرد حملوں کے لیے فنڈز اکٹھا کرنا، نوجوانوں کو تشدد کے لیے بھرتی کرنا انہیں بنیاد پرست بنانا اور بالخصوص جموں و کشمیر میں حملوں کی منصوبہ بندی کرنا شامل ہیں۔ عبدالرحمان مکی لشکر طیبہ کے سربراہ اور 26/11 کے ماسٹر مائنڈ حافظ سعید کا بہنوئی ہے۔