بالآخردہلی کو ملا نیا میئر،عام آدمی پارٹی کی شیلی اوبرائے منتخب

تین مرتبہ کی نا کام کوششوں کے بعد بی جے پی کی  میئر امیدوار ریکھا گپتا کے 113کے مقابلے  150ووٹوں سے میئر منتخب ہوئیں شیلی اوبرائے 

نئی دہلی ،22فروری :۔

تین مرتبہ کی ناکام کوششوں کے بعد بالآخر آج دہلی کو نیا میئر مل ہی گیا۔امید کے مطابق عام آدمی پارٹی کی امیدوار شیلی اوبرائے دہلی کی نئی میئر منتخب ہو گئی ہیں۔ انہوں نے بی جے پی امیدوار ریکھا گپتا کو شکست دی ہے۔ میئر کے انتخاب کے لیے تین بار کی نا کام کوششوں کے بعد چوتھی مرتبہ بلائے گئے ایوان میں آج ووٹنگ پرامن طریقے سے ہوئی۔ووٹنگ کے دوران کسی بھی طرح کے ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کے لئے سیکورٹی اہلکار تعینات تھے۔ ووٹنگ صبح تقریباً 11.30 بجے شروع ہوئی اور 2 گھنٹے سے زیادہ دیر تک جاری رہی۔ کل 10 نامزد ارکان پارلیمنٹ، 14 نامزد ارکان اسمبلی اور دہلی کے 250 منتخب کونسلروں میں سے 241 نے میئر کے انتخاب میں ووٹ ڈالے۔ کانگریس کے 9 منتخب کونسلروں نے میئر کے انتخاب کا بائیکاٹ کیا  تھا چنانچہ وہ لوگ ووٹنگ میں شریک نہیں ہوئے۔اس طرح عام آدمی پارٹی کی شیلی اوبرائے نے بی جے پی کی امیدوار ریکھا گپتا کے 113 کے مقابلے 150 سے کامیابی حاصل کی۔

عام آدمی پارٹی کے آل محمد اقبال دہلی کے نئے ڈپٹی میئر  

دریں اثنا میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی) میں میئر کے علاوہ  ڈپٹی میئر کے عہدوں کا انتخاب  بھی عمل میں آیا جس میں۔ عام آدمی پارٹی کے امیدوار آلے محمد اقبال دہلی کے نئے ڈپٹی میئر ہوئے۔ انہوں نے بی جے پی کے کمال باگڑی کو شکست دی ہے۔ الیکشن میں کل 265 ووٹ ڈالے گئے، جس میں انہیں 147 اور بی جے پی امیدوار کو 116 ووٹ ملے، جب کہ 2 ووٹ  بے کارقرار پائے۔

Aaley Iqbal

واضح رہے کہ دہلی ایم سی ڈی انتخابات کے نتائج گزشتہ سال 7 دسمبر کو آئے تھے۔ ایم سی ڈی انتخابات میں اے اے پی نے 134 سیٹیں جیتی ہیں جبکہ بی جے پی نے 104 سیٹیں جیتی ہیں۔ اس کے بعد سے ایوان کے تین اجلاس بلا کر میئر کے انتخاب کا عمل شروع کر دیا گیا۔ تاہم ہنگامہ آرائی کی وجہ سے یہ تینوں بار ووٹنگ ناکام رہی ۔ جس کے بعد معاملہ سپریم کورٹ پہنچا اور عدالت نے جلد از جلد انتخابات کرانے کی ہدایات جاری کی۔ اس کے ساتھ ہی سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ ایل جی کے نامزد کردہ کونسلرز میئر کے انتخاب میں ووٹ نہیں دیں گے۔

دہلی اسمبلی کے اسپیکر نے آپ کے 13 ایم ایل اے اور ایک بی جے پی ایم ایل اے کو ایوان میں نامزد کیا ہے۔ الیکشن میں ووٹوں کی کل تعداد 274 ہے۔ نمبر گیم عام آدمی پارٹی کے حق میں تھا، جسے بی جے پی کے 113 کے مقابلے میں 150 ووٹ مل  گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کانگریس کے 9 کونسلر اور دو آزاد ممبران  غیر حاضر رہے۔

میئر کا انتخاب جیتنے کے بعد شیلی اوبرائے نے سی ایم کیجریوال، ڈپٹی سی ایم منیش سسودیا، کونسلروں اور سپریم کورٹ کے ساتھ ساتھ چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل سے ہی ہم کام شروع کر دیں گے، کوڑے پر کام شروع ہو جائے گا۔بی جے پی کونسلرز، ایم پی اور ایک نامزد ایم ایل اے سمیت، کل تعداد 113 تھی، جب کہ انہیں 116 ووٹ ملے۔ کانگریس نے ووٹنگ کا بائیکاٹ کیا تھا لیکن کانگریس کے 9 کونسلروں میں سے ایک شیتل نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔

Manish Sisodia

دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے عام آدمی پارٹی کی جیت پر ٹویٹ کیا، "غنڈے ہار گئے، عوام جیت گئے۔ دہلی میونسپل کارپوریشن میں عام آدمی پارٹی کا میئر بننے پر تمام کارکنوں کو بہت بہت مبارک ہو اور ایک بار پھر دہلی کے لوگوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ۔اے اے پی کی پہلی میئر شیلی اوبرائے کو بہت بہت مبارک ہو۔

واضح رہے کہ17 فروری کو سپریم کورٹ نے دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کو میئر، ڈپٹی میئر اور شہری ادارہ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے ارکان کے انتخاب کی تاریخ طے کرنے کے لیے پہلی میٹنگ بلانے کے لیے 24 گھنٹے کے اندر نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔ . عدالت نے حکمراں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کی میئر امیدوار شیلی اوبرائے کی درخواست پر سماعت کے بعد یہ حکم جاری کیاتھا۔

تین بار ناکام ہوئی میٹنگ

قابل ذکر ہے کہ ایم سی ڈی کی پہلی میٹنگ 6 جنوری 2023 کو بلائی گئی تھی۔ اس میٹنگ کے دوران بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی۔ اس کے بعد دوسرا اور تیسرا اجلاس 24 جنوری اور دوبارہ 6 فروری کو بلایا گیا۔ تینوں اجلاسوں میں ہنگامہ آرائی کے باعث میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب نہ ہوسکاتھا۔ آج چوتھی بار ایم سی ڈی  ایوان میں کامیاب ووٹنگ ہوئی اور عام آدمی پارٹی کی شیلی اوبرائے میئر بنیں۔