آئی لو محمد صلی اللہ علیہ وسلم :ملک بھر میں21 ایف آئی آرز، 1300 سے زائد مسلمانوں پرمقدمہ درج
کانپور سے شروع ہوا تنازعہ اے پی سی آرکی رپورٹ کے مطابق ملک گیر سطح پر کریک ڈاون میں توسیع،38 گرفتایاں،اے پی سی آر کا سپریم کورٹ میں عرضی دائر کرنے کا اشارہ

دعوت ویب ڈیسک
نئی دہلی ،25 ستمبر :۔
آئی لو محمدصلی اللہ علیہ وسلم کے پوسٹر اور بینرپر پولیس کارروائی کے بعد اب شدت پسند ہندو تنظیمیں بھی مسلمانوں کے خلاف احتجاج کے طور پر آئی لو مہا کال کا پوسٹر لہرا رہی ہیں لیکن تعجب یہ ہے کہ پولیس اور حکومت امتیازی رویہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف آئی لو محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا پوسٹر بینر لگانے پر کارروائی کر رہی ہے ۔کانپور اتر پردیش سے شروع ہوا یہ معاملہ اب ملک گیر سطح پر پھیل چکا ہے ۔جگہ جگہ مسلمان احتجاج کر رہے ہیں اور پوسٹر بینر کے ساتھ مارچ نکال رہے ہیں۔
ایسو سی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) کے مطابق، کانپور، اتر پردیش میں شروع ہونے والی پولس کارروائی نے ملک گیر کریک ڈاؤن میں توسیع کی ہے، جس میں 21 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور 1,324 مسلمان ملزم ہیں، جن میں 38 گرفتاریاں بھی شامل ہیں۔
کانپور میں عید میلاد النبیؐ جلوس کے دوران ابتدائی مقدمہ درج ہونے کے بعد کریک ڈاؤن شروع ہوا۔ مظاہرے، احتجاج اور "آئی لو محمد صلی اللہ علیہ وسلم ” مہم پھر متعدد ریاستوں میں پھیل گئیں، جس سے پولیس میں مزید مقدمات درج ہوئے۔
اترپردیش مرکز بنی ہوئی ہے، متعدد اضلاع میں ایک ہزار سے زیادہ ملزمان پر16 ایف آئی آر ، اناؤ (8 مقدمات، 85 ملزمان، 5 گرفتار)، باغپت (150 ملزمان، 2 گرفتار)، قیصر گنج (355 ملزمان)، شاہجہاں پور (200 ملزمان) اور کوشامبی (24 ملزمان، 3 گرفتار)۔
اتر پردیش کے بعد اتراکھنڈ کے کاشی پور میں پولیس نے سب سے زیادہ مقدمہ درج کیا ہے جس میں 401 ملزمان شامل تھے اور اس کے نتیجے میں سات گرفتار ہوئے۔ گجرات میں گودھرا (88 ملزم، 17 گرفتار) اور بڑودہ (1 ملزم، 1 گرفتاری) میں کیس رپورٹ ہوئے۔ مہاراشٹر کے بائیکلہ میں ایک مقدمہ درج کیا گیا جس میں ایک الزام اور ایک گرفتاری ہے۔ اے پی سی آر نے کہا کہ 23 ستمبر تک کے یہ درست اعداد و شمار ہیں۔انسانی حقوق کے گروپوں کا الزام ہے کہ پولیس کی غیر متناسب کارروائی نظامی تعصب کی عکاسی کرتی ہے۔
اے پی سی آر کے قومی سیکرٹری ندیم خان نے کہا، "پیغمبر سے محبت اور احترام کے اظہار کے لیے لوگوں کو نشانہ بنانا بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ پرامن مذہبی اظہار کو کبھی بھی مجرمانہ قرار نہیں دیا جانا چاہیے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق ندیم خان نے بتایا کہ خاص طور پر پیغمبر اور مذہب سے عقیدت کے اظہار کو جرم قرار دیا گیا ہے۔ پرامن مظاہروں کو امن و امان کے مسائل میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جس سے مسلمانوں کو عوام میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
مکتوب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اے پی سی آر سے وابستہ ایک وکیل محمد عمران خان نے کہا کہ بینر یا پرامن نعروں کو جرم قرار دینے کی کوئی قانونی بنیاد نہیں ہے، جو کانپور کیس میں درج افراد کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ امن و امان کے نام پر سیکڑوں لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنا زیادتی ہے اور تناسب اور تعصب پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔ اس سلسلے میں اے پی سی آر کا کہنا ہے کہ وہ عدالتی مداخلت کا ارادہ رکھتی ہے ۔یاتو سپریم کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کرے گی یا مفاد عامہ کی عرضی دائر کی جائے گی۔