
برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کا فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان
غزہ ،21 ستمبر :۔
غزہ میں جاری اسرائیلی کریک ڈاون اور عالمی طاقتوں کی بے بسی کے درمیان فلسطین کے سلسلے میں ایک بڑی پیش رفت ہوئی ہے ۔ آج برطانیہ ،کناڈا اور آسٹریلیا نے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کر لیا ہے ۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق کینیڈا اور آسٹریلیا کے بعد برطانوی وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر نے برطانیہ کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ’آج، امن اور دو ریاستی حل کی امید کو زندہ کرنے کے لیے، میں واضح طور پر کہتا ہوں۔ اس عظیم ملک کے وزیر اعظم کی حیثیت سے۔۔ کہ برطانیہ فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرتا ہے۔‘
کینیڈا اور آسٹریلیا دونوں نے اس ہفتے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کے اپنے ارادوں کا اعلان کیا تھا۔
کینیڈا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے والا پہلا جی سیون ملک بن گیا۔کینیڈا کے بعد آسٹریلیا اس گروپ کا دوسرا ملک بن گیا ہے جس نے باقاعدہ فلسطین کو ایک آزاد اور خود مختار ریاست کے طور پر تسلیم کر لیا ہے۔
برطانیہ کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے کہا ہے کہ غزہ میں انسانوں کا پیدا کردہ بحران نئی بلندیوں پر پہنچ گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ’بھوک اور تباہی مکمل طور پر ناقابل برداشت ہے۔‘ انھوں نے کہا کہ ’یہ موت اور تباہی ہم سب کو خوفزدہ کر دیتی ہے۔‘ برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ ’ہم اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سرحد پر پابندیاں ختم کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’ان ظالمانہ ہتھکنڈوں کو روکیں اور امداد میں اضافہ ہونے دیں۔‘
کینیڈین وزیرِاعظم مارک کرنی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت فلسطینی ریاست کے قیام کے امکانات کو روکنے کے لیے منظم حکمتِ عملی سے کام کر رہی ہے، کینیڈا نے فلسطین کو ریاست تسلیم کر لیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے میں مسلسل غیر قانونی بستیوں کی تعمیر اور غزہ میں جاری حملوں نے لاکھوں افراد کو بے گھر اور ہزاروں شہریوں کو قتل کیا ہے، یہ سب اقدامات بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔
کینیڈا کے وزیرِ اعظم نے کہا کہ اب موجودہ اسرائیلی حکومت کی کھلی پالیسی ہے کہ فلسطینی ریاست کبھی قائم نہ ہو، اسی تناظر میں کینیڈا نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے اور فلسطین و اسرائیل دونوں کے لیے ایک پرامن مستقبل کی تعمیر میں شراکت داری کی پیشکش کی ہے۔آسٹریلوی حکومت کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا نےفلسطین کی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کر لیا، فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا دو ریاستی حل کی بین الاقوامی کوششوں کا حصہ ہے، حماس کا فلسطین میں کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے۔