گجرات :اقلیتی رابطہ کمیٹی نے گجرات حکومت کو قانونی نوٹس جاری کیا
مسلم نوجوانوں کے ساتھ حراست میں تشدد اور عوامی پریڈ میں شامل پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

نئی دہلی ،احمد آباد،19 ستمبر :۔
گجرات کے وڈودرہ میں گزشتہ دنوں گنیش وسرجن جلوس کے دوران گرفتار کئے گئے مسلم نوجوانوں کے ساتھ تشدد اور اس کے بعد پولیس کے ذریعہ ان کا پریڈ نکالے جانے پر اقلیتی رابطہ کمیٹی (ایم سی سی) گجرات کے کنوینر مجاہد نفیس نے چیف سکریٹری، ایڈیشنل چیف سکریٹری (ہوم)، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس، گجرات، اور پولیس کمشنر، وڈودرا کو ایک قانونی نوٹس بھیجا ہے۔ یہ جلوس شہر میں 27 اگست کو منعقد کیا گیا تھا، جلوس کے دوران گرفتار افراد کو حراست میں تشدد کیا گیا اور عوامی پریڈ کے ذریعہ ان کی تذلیل کی گئی تھی۔نوٹس میں ان کارروائیوں کے ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری اور مناسب کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے، جس میں گرفتار افراد پر تشدد کے بعد عوامی پریڈ شامل تھے۔
27 اگست 2025 کو بڑے پیمانے پر رپورٹ ہونے والے اس واقعے نے انکشاف کیا کہ تمام متاثرین کا تعلق اقلیتی مسلم کمیونٹی سے تھا۔ وسیع پیمانے پر میڈیا کوریج کے باوجود، ابھی تک کوئی کارروائی شروع نہیں کی گئی، جو کہ بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے ذمہ دار حکام کی طرف سے فرائض سے غفلت کے مترادف ہے۔
قانونی نوٹس میں متعلقہ حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ تحقیقات اور نگرانی کے طریقہ کار کو فوری طور پر فعال کریں اور غلطی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف تمام تدارکاتی، تادیبی، تعزیری اور مجرمانہ اقدامات کریں۔ اس میں مزید زور دیا گیا ہے کہ پولیس کا طرز عمل نہ صرف آئین ہند کے آرٹیکل 21 کی خلاف ورزی ہے بلکہ سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے کی بھی واضح توہین ہے۔ ایم سی سی نے متعلقہ پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری محکمانہ اور قانونی کارروائی کی کی درخواست کی ہے۔ سستی یا غفلت کی بنیاد پر MCC نے قانون کے مطابق مزید قانونی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں، سپریم کورٹ اور نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن نے ریاستوں کی پولیس فورسز کو گرفتاریوں اور نظر بندی سے متعلق قائم کردہ رہنما خطوط پر عمل کرنے کے لیے بار بار انتباہ جاری کیا ہے ۔