ٹی این ایس ٹی سی نے مسلم خاتون کو بس میں چڑھنے سے روکنے والے کنڈکٹر کا لائسنس منسوخ کر دیا

نئی دہلی ،17 ستمبر :۔
تمل ناڈو میں گزشتہ روز اسلامو فوبیا کا ایک حیران کن معاملہ سامنے آیا تھا جہاں وی وی ایس ٹورز اینڈ ٹریولز کے ذریعہ چلائی جانے والی بس میں ایک کنڈکٹر نے مسلم خاتون کو چڑھنے سے منع کر دیا تھا۔اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا جس کے بعد تمل ناڈو اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی این ایس ٹی سی) نے وی وی ایس ٹورز اینڈ ٹریولز کے ذریعے چلائی جانے والی پرائیویٹ بس اور اس کے کنڈکٹر کے لائسنس اس واقعے کے بعد منسوخ کر دیے۔
رپورٹ کے طابق ایک برقع پوش خاتون ویلڈ ٹکٹ کے ساتھ تھوتھکوڈی ضلع کے کیالپٹنم کی طرف جارہی تھی،کنڈکٹر نے دوسرے مسافروں کو بس میں چھڑنے دیا مگر برقع پوش خاتون کو چڑھنے سے روک دیا۔ اس سے ایک گرما گرم بحث چھڑ گئی، جس کی ویڈیو بنائی گئی، جو کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ فوٹیج میں خاتون کنڈکٹر کے فیصلے پر سوال اٹھاتی ہے،کہ اسے بس میں چڑھنے سے کیوں روک دیا گیا تو کنڈکٹر بتاتا ہے کہ بس مالک نے ایسی اسے ہدایت دی ہے ۔ اس نے مالک کا رابطہ نمبر بھی فراہم کیا۔
ویڈیو کے وسیع پیمانے پر وائرل ہونے کے بعد بڑھتے ہوئے تنازعہ نے توجہ مبذول کرائی، جس سے ٹی این ایس ٹی سی کی جانب سے فوری کارروائی کا اشارہ ہوا۔ کارپوریشن نے اس امتیازی رویے کی مذمت کرتے ہوئے بس کمپنی اور کنڈکٹر دونوں کے لائسنس منسوخ کر دیے۔اس واقعے نے عوامی نقل و حمل میں شمولیت کے بارے میں خدشات کو جنم دیا ہے، حکام نے غیر امتیازی پالیسیوں پر سختی سے عمل کرنے پر زور دیا ہے۔ وائرل ویڈیو پر لوگوں نے غم و غصے کا اظہار کیا ہے، جس میں ریاستی نگرانی میں کام کرنے والی نجی ٹرانسپورٹ سروسز میں جوابدہی کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا ہے۔