منی پور دورہ:وزیر اعظم نےامن کی اپیل کی ،اپوزیشن نے تماشہ قرار دیا
2023 سے نسلی تشدد اور فساد کی آگ میں جل رہے پہلی بار منی پور دورے پر پہنچے پی ایم مودی

دعوت ویب ڈیسک
نئی دہلی ،13 ستمبر :۔
منی پور گزشتہ دو برسوں سے نسلی تشدد کی آگ میں جل رہا ہے۔امن کی مرکز کی تمام کوششیں نا کام رہیں،اب دو برسوں کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز منی پور کا دورہ کیا اس دوران انہوں نے مختلف گروپوں سے تشدد سے باز رہنے اور امن کو اپنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت مضبوطی سے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔دریں اثنا وزیر اعظم کے دورہ کو اپوزیشن نے تماشہ قرار دیا ہے ۔کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے وزیر اعظم نریندر مودی کے میزورم، منی پور، آسام اور دیگر ریاستوں کے 13 سے 15 ستمبر کے دورے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ منی پور میں ان کا تین گھنٹے کا رکنا تشویش کی علامت نہیں بلکہ محض ایک دھوکہ ہے۔
864 دنوں سے جاری اس تشدد میں تقریباً 300 لوگ اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، 67 ہزار لوگ بے گھر ہو چکے ہیں اور 1500 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔وزیر اعظم نے 2015 سے اب تک 46 غیر ملکی دورے کیے ہیں، لیکن اپنے ہی شہریوں سے ہمدردی کے لیے منی پور کا ایک بھی دورہ نہیں کیا۔
کھڑگے،کانگریس صدر
واضح رہے کہ مئی 2023 میں نسلی جھڑپوں کے بعد ریاست کے اپنے پہلے دورے کے دوران کوکی اکثریتی چورا چند پور ضلع میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا، "یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ یہاں تشدد ہوا، آج میں آپ سے وعدہ کرنا چاہتا ہوں کہ حکومت ہند آپ کے ساتھ ہے اور میں آپ کے ساتھ ہوں۔ میں تمام گروپوں اور تنظیموں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ امن کا راستہ منتخب کریں۔”وزیر اعظم نے کہا کہ ترقی کے لیے امن ضروری ہے اور کہا کہ مرکز معمول کی بحالی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ترقی کے لیے امن سب سے اہم ہے، اور ہم منی پور کو امن اور خوشحالی کی علامت بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔”
کھڑگے نے اپنے ایکس پوسٹ میں کہا کہ آج امپھال اور چورا چند پور میں وزیر اعظم کا روڈ شو ریلیف کیمپوں میں متاثرین سے ملنے سے بچنے کی کوشش ہے۔ منی پور تشدد پر انہوں نے کہا کہ 864 دنوں سے جاری اس تشدد میں تقریباً 300 لوگ اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، 67 ہزار لوگ بے گھر ہو چکے ہیں اور 1500 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔وزیر اعظم نے 2015 سے اب تک 46 غیر ملکی دورے کیے ہیں، لیکن اپنے ہی شہریوں سے ہمدردی کے لیے منی پور کا ایک بھی دورہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا منی پور کا آخری دورہ جنوری 2022 میں تھا، جو انتخابی ریلیوں کے لیے تھا۔