
عالم اسلام کا متحدہ اقدام ہی اسرائیل کا واحد جواب ہے: ایران
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے قطر کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین کے نام ایک پیغام
تہران، 12 ستمبر:
قطر پر اسرائیل کے ذریعہ حملے کے بعد خلیج میں ہلچل ہے اور تمام عرب ممالک متحد ہو کر اس حملے کی سخت مذمت کر رہے ہیں ۔ دریں اثنا ایران نے بھی قطر کی حمایت کرتے ہوئے عالم اسلام اور عرب ممالک کو سخت پیغام دینے کی اپیل کی ہے ۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے قطر کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین کے نام ایک پیغام میں کہا ہے کہ اسرائیل کے "غیر ذمہ دارانہ رویے” کا مقابلہ کرنے کے لیے عالم اسلام کا مربوط اور متحد اقدام ہی واحد موثر طریقہ ہے۔
تہران ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق محمد قالیباف کا یہ تبصرہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس کی قیادت کے ہیڈکوارٹر پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد سامنے آیا ہے۔ قالیباف نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور ریاستی دہشت گردی قرار دیا۔ انہوں نے اسرائیل پر الزام لگایا کہ وہ مغربی ممالک کی حمایت سے یہ حملہ کر کے خطے میں تشدد، بحران اور عدم استحکام کو فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایرانی پارلیمنٹ علاقائی امن و سلامتی کے لیے اسرائیل کا مقابلہ کرنے کے لیے قطر کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ بعد ازاں، انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا کہ دوحہ پر اسرائیلی حملوں نے ظاہر کر دیا ہے کہ کسی بھی ملک کے لیے امریکی سکیورٹی کی گارنٹی ’بے فائدہ‘ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اسرائیل کے اس نئے حملے نے عرب دنیا کے سیاسی اور مقتدر حلقوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اس نے خاص طور پر خلیج فارس کے ان عرب ممالک کو خوفزدہ کر دیا ہے جو یہ سمجھتے تھے کہ امریکی فوجی اڈوں کی میزبانی اور امریکی معیشت میں بھاری سرمایہ لگانے سے وہ اسرائیل کے پھیلائے ہوئے تشدد سے محفوظ رہیں گے۔ قطر مغربی ایشیا میں سب سے بڑے امریکی اڈے کی میزبانی کرتا ہے۔ اس سال کے شروع میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خطے کے دورے کے دوران قطر نے امریکی معیشت میں ریکارڈ سرمایہ کاری کی پیشکش کر کے اس کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوشش کی۔ دوسری جانب امریکہ کا کہنا ہے کہ اسے اسرائیل کے دوحہ پر حملے کے منصوبے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں تھی تاہم اس دعوے کو دنیا بھر کے تجزیہ کاروں نے مسترد کر دیا ہے اور بعض غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق امریکی طیاروں نے منگل کو اسرائیلی فضائیہ کے طیاروں میں ایندھن بھرنے کی کوششوں میں مدد کی۔