نیپال کے سیاسی بحران پرجماعت اسلامی ہند کا اظہار تشویش
امیرجماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی کی مسائل کو باہمی گفت و شنید اور پر امن طریقوں سے حل کرنے کی اپیل

دعوت ویب ڈیسک
نئی دہلی،10ستمبر:۔
نیپال میں جاری صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے حکام اور مظاہرین سے صبر و ضبط، عدم تشدد اور مسائل کو پُرامن طریقوں سے باہمی بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی اپیل کی۔ محترم امیر جماعت نے میڈیا کے لیے جاری اپنے بیان میں کہا کہ نیپال میں جاری احتجاج میں بہت سی قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ ہم متاثریں کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت اور یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
نیپال کی موجودہ صورت حال اور خطہ کے امن و استحکام پر اس کے ممکنہ نتائج ہم سب کے لیے فکر مندی کا باعث ہیں۔امیر جماعت نے کہا کہ ” جمہوری نظام میں عوام کو احتجاج کرنے ، حکومت کی پالیسسیوں کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار کرنے اور اختلاف رائے رکھنے کا پورا حق حاصل ہے، ان کے اس حق کا احترام کیا جانا چاہئے۔ اس جمہوری حق کو دبانا ایک سنگین غلطی ہے جس سے ارباب اقتدار کو بچنا چاہئے۔ ساتھ ہی یہ بھی ضروری ہے کہ مظاہرین صبر و ضبط سے کام لیں اور ہر قسم کے تشدد سے گریز کریں ، کیونکہ تشدد کا راستہ اپنانے سے وہی مقاصد سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں جن کے لیے کوئی عوامی تحریک یا احتجاج کیا جارہا ہوتا ہے۔
محترم امیر جماعت نے مزید کہا کہ ” اس بات پر بھی خصوصی توجہ کی ضرورت ہے کہ نیپال کی موجودہ صورت حال خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ نہ بنے۔ ہر ایک شہری کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور امن و انصاف، حقیقی جمہوریت اور قانون کی بالادستی کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے۔ ان مشکل حالات میں جماعت اسلامی ہند، نیپال کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور امید کرتی ہے کہ ملک میں بحرانی کیفیت کا جلد از جلد خاتمہ ہوگا، اور نیپال امن و انصاف اور خوشحال وترقی کے راستے پر آگے بڑھے گا۔