مورتی ورسرجن کے دوران حادثہ: آٹھ ہلاک، کئی افراد ہنوزلاپتہ
نئی دہلی: مغربی بنگال کے جلپائی گوڑی میں مال ندی میں درگا کی مورتی وسرجن کے دوران حادثہ میں اب تک 08افراد کی موت کی تصدیق ہوگئی ہے ۔کم از کم 15افراد اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں ۔
وزیر اعظم نریندر مودی اور اوروزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا کیا ہے۔ تاہم ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کیونکہ بہت سے لوگ اب بھی لاپتہ ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ حالانکہ صبح سے بارش ہونے کی وجہ سے بچاؤ اور راحت کاری کے کاموں میں رکاوٹ آرہی ہے۔
بدھ کی رات درگا پوجا کی مورتی وسرجن کرنےکےلئے مال ندی کے قریب سینکڑوں افراد جمع ہوگئے تاہم 8.30بجے ندی میں طغیانی آگئی اور دیکھتے دیکھتے 20سے 25افراد ندی میں بہہ گئے ۔باقی افراد محفوظ مقام تک پہنچنے میں کامیاب رہے ۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ حکام جائے حادثہ پرپہنچ گئے۔ جلپائی گڑی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ مومیتا گودارا بوس نے بتایا کہ رات تک دریا سے آٹھ لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ مرنے والوں میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ نے یہ بھی کہا کہ قومی اور ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی ٹیمیں بچاؤ کارروائیاں کر رہی ہیں۔ جائے حادثہ سے کچھ فاصلے پر بھی لاپتہ افراد کی تلاش کی جاری ہے۔
پسماندہ طبقات کی بہبودکےریاستی وزیر بلو چک برائیک جائے حادثہ پر موجود ہیں۔ وہ مال ودھان سبھا حلقہ سے ممبر اسمبلی ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے کیونکہ بہت سے لوگ ابھی تک لاپتہ ہیں۔ وزیر نے کہا کہ تیز کرنٹ کی وجہ سے بہت سے لوگ کچھ سمجھنے سے پہلے ہی بہہ گئے۔صورتحال کو فوری طور پر سمجھنے میں غلطی کی وجہ سے کئی افراد تیز لہروں کے شکار ہوگئے۔ وزیر موصوف نے یہ بھی کہا کہ واقعہ کے وقت سینکڑوں لوگ گھاٹ پر موجود تھے۔
مشتعل مکینوں نے رات گئے مال اسپتال میں بھی توڑ پھوڑ کی۔ بعد ازاں پولیس کی بھاری نفری نے جا کر صورتحال کو قابو میں کیا۔
اپوزیشن لیڈر شوبھندو ادھیکاری نے اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے راحت وبچاؤ کے کام میں تیز ی لانے کی درخواست کی ہے ۔