7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 99 فلسطینی صحافی شہید

غزہ ،23دسمبر :۔

غزہ میں جاری اسرائیلی  جارحیت انسانی دنیا پر ایک دھبہ بن چکا ہے ۔جس طریقے سے بے دریغ معصوم بچوں کو قتل کیا جا رہا ہے اس نے مہذب کہلانے والی دنیا کو شرمسار کردیا ہے ۔اسرائیل اپنے مظالم کو دنیا سے چھپانے کی بھی کوشش کر رہا ہے یہی سبب ہے کہ اسرائیلی مظالم کو دنیا کے سامنے لانے والے صحافیوں  کو اسرائیلی فوج نشانہ بنا رہی ہے ۔   غزہ میں سرکاری میڈیا آفس نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر کہا ہے کہ جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں مارے جانے والے صحافیوں کی تعداد 99 ہو گئی ہے۔

دفتر نے اسرائیلی فوج پر فلسطینی صحافیوں کو جان بوجھ کر قتل کرنے کا الزام لگایا ہے جس کا مقصد "حقیقت کو مٹانا” ہے۔

محمد خلیفہ غزہ میں ہلاک ہونے والے  نئے صحافی ہیں جب اسرائیلی فورسز نے وسطی غزہ میں نصیرات پناہ گزین کیمپ میں ان کے خاندان کے گھر پر بمباری کی۔

غزہ میں صحافیوں کو خاص طور پر شدید خطرات کا سامنا ہے جب وہ غزہ شہر پر اسرائیل کے زمینی حملے، تباہ کن اسرائیلی فضائی حملوں، مواصلات میں خلل اور بجلی کی وسیع بندش کے پیش نظر غزہ پر اسرائیل کی نسل کشی کی جنگ کو کور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔